Tuesday, January 27, 2026
ہومبریکنگ نیوزخیبرپختونخوا حکومت نے 804 نمبر پلیٹ کی نیلامی کیوں روک دی؟ وجہ سامنے آگئی

خیبرپختونخوا حکومت نے 804 نمبر پلیٹ کی نیلامی کیوں روک دی؟ وجہ سامنے آگئی

پشاور (آئی پی ایس )خیبرپختونخوا کے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے پرسنلائزڈ نمبر پلیٹس کی نیلامی کی لیکن 804، سابق وزیراعظم نواز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے منسوب نمبر پلیٹس کی نیلامی روک دی اور اب اس کی وجہ بھی بتادی گئی۔

خیبر پختونخوا کی حکومت کے محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کی جانب سے نشتر ہال پشاور میں پرسنلائزڈ نمبر پلیٹس کی نیلامی کی گئی جہاں متعدد نمبر پلیٹس کروڑوں روپے میں فروخت ہوئی تاہم ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہوں سے منسوب نمبر پلیٹس کی نیلامی نہیں کی گئی۔

صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخرِ جہان کی سربراہی میں خصوصی نیلامی کی تقریب منعقد کی گئی جہاں مختلف شخصیات، قبائلی ناموں، سیاسی اور علاقائی شناخت پر مبنی چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے اس منفرد نیلامی کا مقصد سرکاری خزانے کو خطیر ریونیو حاصل کرنا ہے۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے حکام نے بتایا کہ وہ چاہتے ہیں کہ 804 نمبر کی پلیٹ کی بولی زیادہ آئے لیکن اگر مقامی طور پر کریں گے تو اس کی بولی کم آئے گی اس لیے ہم آن لائن آکشن کریں گے تاکہ اس کی قیمت زیادہ سے زیادہ آئے۔

انہوں نے بتایا کہ نواز شریف ون اور زرداری ون نمبر پلیٹ کی نیلامی بھی آن لائن کریں گے تاکہ اس کی بولی بھی زیادہ سے زیادہ لگے، قومی اور بین الاقوامی سطح پر کوئی خریدے گا تو اس کی قیمت زیادہ آئے گی۔صوبائی حکومت کی جانب سے سیاسی سربراہان کے علاوہ قومی کرکٹرز کے نام کی نمبر پلیٹس کی بولی بھی نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی میں اب تک سب مہنگی نمبر پلیٹ وزیر 1 ایک کروڑ 50 لاکھ روپے میں فروخت ہوگئی، دوسرے نمبر پر آفریدی 1 ایک کروڑ 40 لاکھ 50 ہزار روپے میں رہی جو پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے حاصل کی۔ نمبر پلیٹس کی نیلامی میں خان 1 کی قیمت ایک کروڑ 11 لاکھ روپے لگائی گئی، جو پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی نیک محمد خان نے خریدی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔