Tuesday, January 27, 2026
ہومبریکنگ نیوزسرکاری خرچ پہ روضہ رسول پر حاضری کیلئے قائمہ کمیٹی کی سفارشات وزارت مذہبی امور کو ارسال

سرکاری خرچ پہ روضہ رسول پر حاضری کیلئے قائمہ کمیٹی کی سفارشات وزارت مذہبی امور کو ارسال

اسلام آباد (سب نیوز )پارلیمانی وفد کے سرکاری خرچ پر روزہ رسول ۖ پر حاضری اور سلام پیش کرنے کے لیے قائمہ کمیٹی مذہبی امور نے سفارشات وزارت مذہبی امور کو ارسال کردیں۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے اپنی ارسال کردہ سفارشات میں کہا ہے کہ پارلیمانی وفد کے ہوائی ٹکٹوں کے اخراجات قومی اسمبلی برداشت کرے گی، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں کھانے پینے کے اخراجات بھی قومی اسمبلی برداشت کرے گی، وفد کے لیے ہوٹلوں یا سرکاری رہائش گاہوں میں انتظام کیا جائے۔

کمیٹی نے اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ پارلیمانی وفد کی معاونت کے لیے پروٹوکول افسر بھی تعینات کیا جائے، قائمہ کمیٹی مذہبی امور کے سیکریٹری کو بھی وفد میں شامل کیا جائے، پارلیمنٹ ہاس کی جامع مسجد کے خطیب کو بطور گائیڈ وفد میں شامل کیا جائے، اسپیکر قومی اسمبلی اور وزارت مذہبی امور ہر سال محرم کے پہلے ہفتے میں کمیٹی اراکین نامزد کریں۔

سفارشات میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر، قومی اسمبلی کی ہر پارلیمانی جماعت سے کم از کم ایک رکن نامزد کریں گے، پارلیمانی کمیٹی کے اراکین میں ترجیحی طور پر قائمہ کمیٹی مذہبی امور کے ارکان کو شامل کیا جائے گا، پارلیمانی وفد ہر سال ربیع الاول کے دوسرے ہفتے میں روضہ رسول ۖ پر حاضری دے گا، پاکستانی عوام کی طرف سے وفد روزہ رسول ۖ پر درود اور سلام پیش کرے گا۔

سفارشات میں کہا گیا ہے کہ پارلیمانی وفد سات روز سعودی عرب میں قیام کرے گا، وفد کو طبی سہولت سرکاری خرچ پر فراہم کی جائے گی، مدینہ اور مکہ میں رہائش اور ٹرانسپورٹ کا انتظام ڈائریکٹریٹ جنرل حج جدہ کرے گا، قومی اسمبلی کا میڈیا ونگ پارلیمانی وفد کے دورے کی میڈیا کوریج کرے گا۔

واضح رہے کہ یہ سفارشات قائمہ کمیٹی مذہبی امور کی چار رکنی ذیلی کمیٹی نے تیار کرکے انہیں منظور کیا ہے اور وزارت مذہبی امور کر ارسال کی ہیں۔ذیلی کمیٹی شگفتہ جمانی رکن قومی اسمبلی کی سربراہی میں قائم کی گئی تھی جس میں آسیہ ناز تنولی، ثمینہ خالد گھرکی اور سید سمیع اللہ ذیلی کمیٹی کے رکن تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔