Monday, January 26, 2026
ہومبریکنگ نیوزسہیل سلطان نااہلی کیس: وفاقی آئینی عدالت کا الیکشن کمیشن کو تاحکمِ ثانی کارروائی سے روکنے کا حکم

سہیل سلطان نااہلی کیس: وفاقی آئینی عدالت کا الیکشن کمیشن کو تاحکمِ ثانی کارروائی سے روکنے کا حکم

اسلام آباد (سب نیوز) وفاقی آئینی عدالت نے سوات سے رکن قومی اسمبلی سہیل سلطان کے خلاف نااہلی کے معاملے میں اہم حکم جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو تاحکمِ ثانی کسی بھی قسم کی کارروائی سے روک دیا ہے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو نوٹسز بھی جاری کر دیے ہیں۔


کیس کی سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس روزی خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ سماعت کے دوران سہیل سلطان کی جانب سے بیرسٹر گوہر وفاقی آئینی عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ انتخابات مکمل ہونے کے بعد آرٹیکل 199 کے تحت رِٹ دائر کی جا سکتی ہے۔


بیرسٹر گوہر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو اس معاملے میں ریفرنس بھیجنے کا اختیار ہی حاصل نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کیس میں بھی سپریم کورٹ اس اصول کو طے کر چکی ہے، جس کے مطابق ایسے ریفرنسز کی آئینی حیثیت واضح ہے۔


عدالت نے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت کے لیے تاریخ مقرر کرنے کا عندیہ دیا۔


واضح رہے کہ سہیل سلطان پر الزام ہے کہ انہوں نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ بننے کے بعد قانون کے تحت لازم دو سالہ پابندی کی مدت پوری نہیں کی، جس پر ان کے خلاف نااہلی کا معاملہ زیرِ غور لایا گیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔