مری (سب نیوز)
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مری، ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا نے پیر کی شام سے منگل کی شام تک ملکہ کوہسار اور گردونواح میں شدید برفباری اور برفانی طوفان کی پیشگوئی کے پیشِ نظر ہنگامی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
ڈی پی او مری نے سیاحوں اور شہریوں کو رات کے وقت سفر سے مکمل گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت منفی میں گرنے سے سڑکوں پر موجود برف “بلیک آئس” (شیشے جیسی سخت تہہ) میں بدل جاتی ہے، جس پر گاڑی کے بریک کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اندھیرے اور دھند میں ریسکیو آپریشن اور برف ہٹانے والی مشینری کا کام کرنا بھی انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق، ٹائروں پر ‘سنو چین’ کے بغیر کسی بھی گاڑی کو مری میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ڈی پی او نے تاکید کی کہ سیاح روانگی سے قبل فیول ٹینک فل رکھیں اور گاڑی کے بریک، وائپرز، ہیٹر اور ڈی فوگر کی فٹنس یقینی بنائیں۔ برف والی سڑکوں پر رفتار انتہائی کم رکھنے اور اگلی گاڑی سے 50 میٹر کا فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے کہا کہ گاڑی میں ہیٹر استعمال کرتے وقت آکسیجن کی کمی سے بچنے کے لیے شیشے ایک انچ کھلے رکھیں اور شاہراہوں یا ڈھلوانوں پر پارکنگ سے مکمل گریز کریں تاکہ برف ہٹانے میں رکاوٹ نہ ہو۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔
