Monday, January 26, 2026
ہوماسلام آبادچیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر منفرد کمیونٹی مارکیٹوں کا کامیاب انعقاد جاری

چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر منفرد کمیونٹی مارکیٹوں کا کامیاب انعقاد جاری

اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منفرد کمیونٹی مارکیٹوں کا کامیاب انعقاد جاری ہے۔ اس سلسلے میں طلبا و طالبات اور شہریوں کیلئے خصوصی کمیونٹی مارکیٹ کا انعقاد فاطمہ جناح پارک، نزد گندھارا سٹیزن سینٹر ایف نائن میں کیا گیا ہے۔

اس کمیونٹی مارکیٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں کاروبار اور انٹرپینئرشپ کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔ اسی طرح اس مارکیٹ کا مقصد نوجوان کی تخلیقی و تعمیری صلاحیتوں کو جِلا بخشنا ہے تاکہ نوجوانوں اور آنے والی نسل کی حوصلہ افزائی کی جاسکے اور بزنس کے جذبے کو فروغ دیا جاسکے۔مزید برآں، اس کمیونٹی مارکیٹ سے شہریوں کو معیاری و منفرد مصنوعات تک براہ راست رسائی کو ممکن بنانا ہے۔ اس خصوصی مارکیٹ میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی مختلف یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے نوجوان طلبا نے شرکت کی۔ سی ڈی اے کے زیر انتظام منعقد اس خصوصی مارکیٹ میں شہریوں بالخصوص فیملیز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اسی طرح ہاتھ سے بنی مصنوعات، آرٹ و کرافٹ، تخلیقی ڈیزائنز اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پراجیکٹس بھی عام شہریوں کے سامنے پیش کئے جا رہے ہیں۔

طلبا، شہریوں اور فیملیز کی جانب سے اس خصوصی مارکیٹ کو خصوصی پزیرائی مل رہی ہے۔اس موقع پر چیف آفیسر ایم سی آئی ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کہا کہ اسطرح کے ایونٹس کا باقاعدگی کیساتھ اسلام آباد شہر میں مختلف کمیونٹی سپسز و مقامات پر کیا جا رہا ہے۔ اس خصوصی مارکیٹ کے اوقات دوپہر 1 بجے تا شام 5 بجے تک رکھے گئے ہیں چئیرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر انوائرمنٹ ونگ نے اس خصوصی مارکیٹ میں ماحول دوست پودے شہریوں میں تقسیم کئے تاکہ شہریوں میں شجرکاری کے فروغ کیلئے آگاہی مہم چلائی جاسکے اور شجرکاری کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا جا سکے ۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اس قسم کی کمیونٹی مارکیٹوں کے ماڈل کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے دیگر پارکس اور عوامی مقامات تک پھیلایا جائے تاکہ نہ صرف نوجوانوں کو مزید مواقع میسر آئیں بلکہ شہریوں کیلئے تفریح و خریداری کے معیاری مقامات بھی قائم ہوسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان اقدامات کا مقصد نوجوان میں بزنس کے نئے آئیڈیاز، انکی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور دارالحکومت اسلام آباد میں تفریحی سہولیات کو فروغ دینا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔