Monday, January 26, 2026
ہومتازہ ترینچیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت رمضان المبارک کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس

چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت رمضان المبارک کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس

اسلام آباد(سب نیوز)چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رمضان المبارک کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، چیف آفیسر ایم سی آئی ڈاکٹر انعم فاطمہ سمیت ضلعی انتظامیہ و سی ڈی اے کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے حوالے سے انتظامات سمیت رمضان بازاروں کے انعقاد اور اشیا خوردونوش کی سرکاری نرخ پر فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں کیلئے بہترین انتظامات اور اشیا کی کوالٹی و سرکاری نرخ پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رمضان المبارک میں شہر بھر میں مختلف مقامات پر تقریبا 7 رمضان بازاروں کا انعقاد کیا جائیگا اور اسلام آباد کے 3 ہفتہ وار بازاروں کو بھی رمضان بازاروں میں تبدیل کیا جائیگا.

بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تین ہفتہ وار بازاروں کے علاوہ رمضان بازار بہارہ کہو، پاکستان ٹاون ایکسپریس وے، اور ترنول کے مقام پر بھی قائم کئے جائیں گے۔ چیئرمین سی ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو سستی اور معیاری اشیا خوردونوش کی کم نرخ پر فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رمضان بازاروں میں کیش اینڈ کیری اور مختلف کمپنیوں کے سٹالز لگائے جائینگے اور رمضان کے آخری عشرے میں عید الفطر کی مناسبت سے چاند بازار کا انعقاد بھی کیا جائیگا۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی کہ تمام رمضان بازاروں کو کیش لیس بنایا جائے تاکہ شہریوں کو آسان اور ڈیجیٹل ادائیگی کی بہترین سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے رمضان بازاروں کی خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت بھی کی۔چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس کو رمضان بازاروں اور منڈیوں کا دورہ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک سے قبل رمضان بازاروں میں ضروری تعمیر و مرمت اور دیکھ بھال کا کام مکمل کیا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ رمضان بازاروں میں آرگینک اشیا کی فروخت کیلئے مخصوص اسٹالز بھی مختص کئے جائیں۔

انہوں نے واضح ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں اشیا خوردونوش کے معیار پر کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ ہرگز نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں آنے والے صارفین کی شکایات کے ازالے کیلئے مثر اور فوری ازالہ کا نظام وضع کیا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ تمام اوقاف کی مساجد اور امام بارگاہوں کی دیکھ بھال اور سیکورٹی انتظامات کو بھی مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں فیصل مسجد و دیگر مساجد کو روشن کرنے کیلئے خصوصی لائٹس کا انتظام کیا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ رمضان المبارک میں اسلام آباد شہر کے سپورٹس گرانڈوں میں شہریوں کیلئے مختلف صحتمندانہ سرگرمیوں اور کھیلوں کا انعقاد کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان تمام اقدامات کا مقصد شہریوں کیلئے رمضان المبارک میں بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔