Monday, January 26, 2026
ہومپاکستانسابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکا ملک میں نئے اور شفاف انتخابات کرانے کا مطالبہ

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکا ملک میں نئے اور شفاف انتخابات کرانے کا مطالبہ

صوابی (آئی پی ایس )سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے ہمارا مطالبہ ملک میں نئے، فری اینڈ فیئر انتخابات کرائے جائیں۔

سابق اسپیکرقومی اسمبلی ومرکزی رہنماپی ٹی آئی اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ ایمان مزاری اورانکے شوہرکوجو سزا سنائی گئی ہے،وہ قابلِ مذمت ہے اور اس سے عدالتوں پرعوام کا اعتماد مجروح ہوگا،اس وقت ملک میں جمہوریت موجودنہیں،اورعوام کوحق حاصل ہوناچاہیے کہ وہ اپنی قیادت خود منتخب کریں۔خارجہ پالیسی پربات کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ غزہ امن بورڈ میں شمولیت سے قبل نہ پارلیمنٹ میں کوئی بحث کی گئی،اور نہ ہی کابینہ سے منظوری لی گئی،وزیرخارجہ کوچاہیے تھا کہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیتے اور اس معاملے پر ایوان میں بحث ہونی چاہیے تھی۔پاکستان کو آزاد خارجہ پالیسی اپنانی چاہیے،کسی بلاک کا حصہ بننے کے بجائے اپنے مفاد اورتمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کو ترجیح دینی چاہیے ۔

تیراہ سے متعلق بات کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہاکہ وفاقی حکومت کی حالیہ پریس ریلیز کئی سوالات کو جنم دیتی ہے،اگرکوئی کارروائی یا فیصلہ سازی ہوتو وفاقی اورصوبائی حکومت کو باہمی مشاورت سے فیصلے کرنے چاہئیں۔اسد قیصر نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ آپریشنز کی مخالفت کی ہے اور نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد چاہتی ہے،دہشتگردی کا مکمل خاتمہ، امن، تعلیم اور روزگارہی عوام کی اصل ضرورت ہے،جبکہ اختلاف صرف طریقہ کار پر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگرحکومت پی ٹی آئی سے مشاورت نہیں کرتی تو کم از کم دیگر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے،کیونکہ عوام کو نظرانداز کرنے کی صورت میں اس کے سنگین نتائج نکلیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔