Monday, January 26, 2026
ہومپاکستانمری کی شاہراہوں سے برف صاف، نظام زندگی بحال، پولیس اور سکیورٹی ادارے سیاحوں کی راہنمائی کے لیے ہمہ وقت دستیاب، ڈی پی او ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا

مری کی شاہراہوں سے برف صاف، نظام زندگی بحال، پولیس اور سکیورٹی ادارے سیاحوں کی راہنمائی کے لیے ہمہ وقت دستیاب، ڈی پی او ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا

مری( سب نیوز)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مری، ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور پولیس کی مشترکہ کاوشوں سے مری کے تمام راستے کلیئر کر دیے گئے ہیں۔ مری میں سنہری دھوپ نکلتے ہی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے، جبکہ شاہراہوں پر پولیس اور تمام سکیورٹی ادارے سیاحوں کی حفاظت اور راہنمائی کے لیے الرٹ ہیں۔

ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا نے اپنے بیان میں کہا کہ برف باری کے بعد پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں نے مل کر کام کیا، جس کی بدولت اب مری کی تمام رابطہ سڑکیں ٹریفک کے لیے مکمل طور پر کھلی ہیں۔

انہوں نے سکیورٹی صورتحال اور سیاحوں کی سہولت پر بات کرتے ہوئے کہاکہ “مری میں سیاحوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ پولیس اور تمام متعلقہ سکیورٹی ادارے فیلڈ میں موجود ہیں اور ہر موڑ پر سیاحوں کی راہنمائی اور مدد کے لیے دستیاب ہیں۔ کسی بھی مشکل کی صورت میں سیاح فوری طور پر وہاں موجود اہلکاروں سے رجوع کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا نے مزید بتایا کہ مری پولیس اور ٹریفک پولیس کے خصوصی دستے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے دن رات ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ انہوں نے سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں تاکہ وہ اپنے سفر کو محفوظ اور خوشگوار بنا سکیں۔مری میں اس وقت موسم انتہائی خوشگوار ہے اور انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کی آمد و رفت کے لیے راستے مکمل طور پر کھلے رکھنے کے انتظامات مکمل ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔