Monday, January 26, 2026
ہومبریکنگ نیوزوزیر اعلی مریم نواز کا پنجاب میں تین روزہ بسنت فیسٹول کا اعلان

وزیر اعلی مریم نواز کا پنجاب میں تین روزہ بسنت فیسٹول کا اعلان

لاہور (آئی پی ایس )پنجاب کی وزیراعلی مریم نواز نے صوبے میں تین روزہ بسنت فیسٹول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں آزادی کے ساتھ سب کو خوشی منانے کا حق حاصل ہے، یہ سب کا صوبہ ہے، عید، ہولی، کرسمس اور رمضان جس مذہب سے بھی اس کا تعلق ہوں اس کو خوشی منانے کا پورا حق ہے۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں بسنت فیسٹیول سے متعلق اہم فیصلہ کیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو خوشیاں لوٹانے آئی ہوں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام سے خوشی کا ماحول چھین کر لڑائی جھگڑوں اور فتنہ فساد کے سپرد کر دیا گیا، پنجاب دل والوں کا صوبہ ہے لیکن عوام کو تفریح سے دور کر دیا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ30 سال بعد پنجاب میں ہارس اینڈ کیٹل شو شروع کیا، اس سا ل بھی منائیں گے، پنجاب میں آزادی کے ساتھ سب کو خوشی منانے کا حق حاصل ہے، یہ سب کا صوبہ ہے، عید، ہولی، کرسمس اور رمضان جس مذہب سے بھی اس کا تعلق ہوں اس کو خوشی منانے کا پورا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسم بہار کی آمد کی اطلاع دینے والا بسنت کا خوبصورت تہوار 800سال قبل شروع ہوا، بسنت پنجاب کی ثقافت اور ورثہ ہے، دنیا پنجاب کے کلچر کو بہت اہمیت دیتی ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو بسنت کی خوش خبری دینا چاہتی ہوں، 6، 7 اور 8 فروری کو پہلی مرتبہ گورنمنٹ اسپانسرڈ اور آرگنائزڈ بسنت منانے جارہے ہیں، بسنت جیسے تہوار کا حادثات سے منسلک ہونا افسوس ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کے لیے جامع سیفٹی پلان بنایا گیا، لاہور کو ریڈ، یلو اور گرین زون میں تقسیم کیا گیا ہے، لاہور میں 10 لاکھ بائیکوں پر مفت سیفٹی راڈ لگا رہے ہیں۔مریم نواز نے بتایا کہ بسنت کے تہوار کے لیے 2150 مینوفیکچر، ٹریڈرز، دکان داروں اور دیگر متعلقین کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے، بسنت سے پہلے پتنگ بازی کرنے پر 600 سے زائد مقدمات درج اور 641 گرفتار ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی طور پر بنائی اور فروخت ہونے والی27 ہزار سے زائد پتنگیں بھی برآمد کر لی گئی ہیں، بسنت منانے کے لیے 10 ہزار سے زائد ضمانتی بانڈ لیے گئے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔