Monday, January 26, 2026
ہومبریکنگ نیوزچیئر مین سی ڈی اے کا اسلام آباد میں ماحولیات کے مکمل تحفظ کے عزم کا اعادہ

چیئر مین سی ڈی اے کا اسلام آباد میں ماحولیات کے مکمل تحفظ کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(آئی پی ایس )چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی اقوام متحدہ کے سنئیر کوآرڈینیشن آفیسر برائے ماحولیات اور فوکل پوائنٹ ایلکس فوربز سے جمعہ کے روز ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سی ڈی اے کے ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، ڈائریکٹر جنرل ریسورس سمیت دیگرافسران نے شرکت کی۔ ملاقات میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ماحولیاتی تحفظ اور کاربن کریڈٹ کے حصول سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیاچیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے دارالحکومت اسلام آباد کے ماحولیاتی تحفظ و بہتری کیلئے جامع منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں سی ڈی اے کاربن کریڈٹ کے حصول کیلئے عالمی فریم ورک و مارکیٹ سے بھرپور استفادہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اور کاربن کریڈٹ کے حصول کیلئے سی ڈی اے متعدد منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بران ایریا کو گرین ایریا میں تبدیل کرکے شہر کے گرین کور میں اضافے کر رہے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جدید سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبے پر کام کر رہے ہیں جسمیں کاربن کریڈٹ کیحصول کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا دارالحکومت اسلام آباد میں ماحول دوست 160 الیکٹرک فیڈر بسوں پر مشتمل منصوبہ کامیابی کیساتھ چل رہا ہے اور مستقبل کیلئے بھی الیکٹرک ٹرام منصوبے اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ میں مزید اضافہ کرکے کاربن کریڈٹ سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد شہر میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کیلئے آسانی کیساتھ کاربن اخراج میں بھی کمی واقع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی معیارات کے مطابق اسلام آباد میں جدید سائنٹیفک لینڈ فل سائٹس کے قیام کیلئے کوشاں ہیں جس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی واقع ہوگی۔

ملاقات میں اقوام متحدہ کے سنئیر کوآرڈینیشن آفیسر برائے ماحولیات ایلکس فوربز نے مستقبل میں تیکنیکی معاونت اور تعاون کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی فریم ورک و گرین پروگراموں کے تحت کاربن کریڈٹ حاصل کرنے کیلئے تیکنیکی معاونت فراہم کرنے کیلئے غور کیا جائیگا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ماحولیات کے چیلنجرز سے نمٹنے کیلئے یو این او اور دیگر بین الاقوامی اداروں کیساتھ تیکنیکی معاونت و تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کی استعداد کار میں اضافہ کرکے کاربن کریڈٹ کے حصول کیلئے عملی پیشرفت کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ ملاقات میں چیئرمین سی ڈی اے کا یو این ای پی کے تجربات، استعداد کار اور صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔