Monday, January 26, 2026
ہومبلوچستانچیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی گلوبل مسلم بزنس فورم کے اعزازی سرپرست مقرر

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی گلوبل مسلم بزنس فورم کے اعزازی سرپرست مقرر

اسلام آباد (آئی پی ایس) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی خدمات اور کاوشوں کو سامنے رکھتے ہوئے گلوبل مسلم بزنس فورم (GMBF) کا اعزازی سرپرست مقرر کیا گیا ہے۔ 

یہ اعزاز انہیں اس تاریخی کامیابی کے چند ہی ماہ بعد حاصل ہوا ہے جب انہوں نے بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (ISC) کے بانی چیئرمین کی حیثیت سے پاکستان میں ایک ریکارڈ ساز بین الاقوامی سربراہی اجلاس کی میزبانی کی، جس میں دنیا کے 45 ممالک کی پارلیمانوں کے اسپیکرز اور اعلیٰ سطحی وفود نے شرکت کی۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو باضابطہ طور پر گلوبل مسلم بزنس فورم کا اعزازی سرپرست بننے کی دعوت دی گئی ہے۔ یہ فورم ایک مؤثر بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے جو مسلم دنیا میں ذمہ دارانہ اقتصادی قیادت، باہمی تعاون اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ یہ نامزدگی چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کی بطور سینئر سیاستدان، رکنِ پارلیمنٹ اور آئینی حکمرانی و علاقائی تعاون کے مضبوط حامی کے طور پر بڑھتی ہوئی عالمی شناخت کی عکاسی کرتی ہے۔

پاکستان کے سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اس وقت سینیٹ آف پاکستان کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، جہاں وہ قانون سازی کے تسلسل کی نگرانی، سیاسی ہم آہنگی کے فروغ اور ایک پیچیدہ قومی و علاقائی ماحول میں پارلیمانی اقدار کے تحفظ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ ان کا دہائیوں پر محیط عوامی کیریئر طرزِ حکمرانی کے چیلنجز، معاشی ترقی اور جمہوری اداروں کے استحکام سے جڑا رہا ہے۔

بین الاقوامی سطح پر بھی چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی ایک نمایاں پارلیمانی رہنما کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں۔ سال 2025 میں انہیں بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (ISC) کا بانی چیئرمین مقرر کیا گیا، جو دنیا بھر کے پارلیمانی قائدین کے مابین مکالمے اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا ایک نیا عالمی فورم ہے۔ آئی ایس سی کے قیام کے محض چار ماہ کے بعد چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پاکستان میں پہلی آئی ایس سی کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں 45 ممالک کے پارلیمانی اسپیکرز اور 117 اعلیٰ سطحی مندوبین نے شرکت کی۔ اس کانفرنس نے پاکستان کو پارلیمانی سفارت کاری کے ایک مؤثر مرکز کے طور پر اجاگر کیا اور چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کی ادارہ جاتی وژن کو عملی نتائج میں ڈھالنے کی صلاحیت کو نمایاں کیا۔ 

گلوبل مسلم بزنس فورم کا قیام سیاسی قیادت، کاروباری رہنماؤں، دانشوروں اور ان اداروں کو یکجا کرنے کے لیے عمل میں لایا گیا ہے جو ترقی، علاقائی تعاون اور مسلم معیشتوں میں طویل المدتی استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔ دسمبر 2025 میں کوالالمپور میں منعقدہ GMBF سربراہی اجلاس میں چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کی شرکت اور خدمات کو اہم اور بامعنی شراکت کے طور پر سراہا گیا جس سے حکمرانی، سرمایہ کاری کے اعتماد اور اقتصادی تعاون سے متعلق مباحث کو نئی جہت ملی۔

اپنی تقرری پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے کہا انہیں گلوبل مسلم بزنس فورم کا اعزازی سرپرست مقرر کیے جانے پر فخر محسوس ہو رہا ہے۔ مسلم دنیا میں اقتصادی تعاون اور ذمہ دارانہ قیادت کے فروغ کے لیے GMBF کا مشن نہایت بروقت اور قابلِ تحسین ہے۔ سینیٹ کے چیئرمین کی حیثیت سے میں او آئی سی ممالک کے درمیان مضبوط روابط، باہمی تجارت کے فروغ اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی کا خواہاں ہوں۔ GMBF جیسے اقدامات جدت کو فروغ دے سکتے ہیں، نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں اور غربت کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلی جیسے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ وہ فورم کے اقدامات کی بھرپور حمایت کریں گے اور مستقبل میں اس کے پلیٹ فارم پر فعال کردار ادا کرتے رہیں گے تاکہ ایک خوشحال، مستحکم اور باہم مربوط مسلم دنیا کی تشکیل میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کی بطور اعزازی سرپرست ان کے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اثر و رسوخ کی علامت ہے، جو عالمی پارلیمانی اور اقتصادی مکالمے میں پاکستان کے کردار کو مزید مضبوط بناتی ہے۔ یہ تقرری اس حقیقت کی بھی عکاس ہے کہ مسلم دنیا میں مؤثر اور پائیدار اقتصادی تعاون کے لیے ایسی قیادت انتہائی ضروری ہے جو اپنے تجربے، ادارہ جاتی فہم اور ترقی کے پائیدار وژن سے لیس ہو۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔