Tuesday, January 27, 2026
ہومبریکنگ نیوزملک بھر میں بارشوں، اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں ژالہ باری اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان

ملک بھر میں بارشوں، اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں ژالہ باری اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان

اسلام آباد (آئی پی ایس) محکمہ موسمیات کے مطابق مُلک میں 22 اور 23 جنوری کے دوران تیز بارشوں، ژالہ باری اور پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کا امکان ہے۔

محکمے کے مطابق بلوچستان، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ پہاڑوں پر لینڈ سلائیڈنگ اور مُلک کے بالائی علاقوں میں برفباری سے سڑکیں بند ہو سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں شام یا رات کے وقت شدید برفباری ہو سکتی ہے۔

جمعرات کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں بھی مطلع ابر آلود رہے گا جب کہ دوپہر کے بعد تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں شام یا رات میں چند مقامات پرتیز بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

بلوچستان کے کئی علاقوں میں بارش اور برفباری بدھ کی رات سے ہی شروع ہو گئی تھی۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

کوئٹہ، وسطی اور شمالی بلوچستان میں بارش اور برفباری کا سلسلہ گزشتہ شب شروع ہوا۔

برفباری کی وجہ سے کوئٹہ، زیارت، کان مہترزئی، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، توبہ کاکڑی اتوبہ اچکزئی اور نوشکی میں کیشنگی سمیت مختلف علاقوں میں زمین نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے جہانزیب خان کا کہنا ہے کہ بارش اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں ریسکو ٹیمیں موجود ہیں اور برفباری کے باعث شاہراہوں پر جمی برف ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں پہلے سے ہی مشنری اور امدادی سامان بھجوا دیا گیا تھا۔ مسلم باغ کے علاقے میں قومی شاہرہ پر پھسلن کے باعث ٹریفک کی بحالی کے لئے کاروائیاں جاری ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے برفباری کے دوران فوری امدادی کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی مُشکل صورتحال سے نمٹنے کے لئے پی ڈی ایم اے مکمل طور پر تیار ہے۔

بارش اور برفباری کی وجہ سے بلوچستان کے مختلف علاقوں باالخصوص مستونگ، قلات، سوراب، کوئٹہ اور زیارت سمیت شمالی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے سردی کی شدت میں اضافے کی باعث لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں۔

تاہم کوئٹہ سمیت بلوچستان کے جن علاقوں گیس کی سہولت ہے وہاں گیس کی پریشر میں کمی کے باعث لوگوں کو پریشانی اور مشکلات کا سامنا ہے۔

سردی میں گیس پریشر میں کمی اور اس کی بندش کا وزیر اعلی بلوچستان نے نوٹس لیکر گیس کمپنیوں کا ایک اجلاس طلب کیا تھا۔

وزیر اعلی نے وفاقی حکومت سے بلوچستان کے سرد علاقوں کے لیے گیس کی ایلوکیشن کو بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔