Tuesday, January 27, 2026
ہومتازہ ترینسیاسی بحران کا واحد حل عمران خان کی رہائی ہے، ناصر عباس کا اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد سینیٹ میں پہلا خطاب

سیاسی بحران کا واحد حل عمران خان کی رہائی ہے، ناصر عباس کا اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد سینیٹ میں پہلا خطاب

اسلام آباد (سب نیوز)سینیٹ میں قائد حزبِ اختلاف علامہ راجا ناصر عباس نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی بحران کا واحد حل بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کی رہائی ہے۔ایوانِ بالا میں بطور اپوزیشن لیڈر اپنی پہلی تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی نے تمام انبیا کو عدل و انصاف کے قیام کے لیے بھیجا۔

انہوں نے کہاکہ ملک کے تینوں ریاستی ستون کمزور ہو چکے ہیں اور قانون کی بالادستی ختم ہوتی جا رہی ہے۔علامہ راجا ناصر عباس کے مطابق چند دہشتگردوں کی تلاش میں پورے علاقے کو گھیر لیا جاتا ہے، جبکہ اگر یہی ذمہ داری مقامی افراد کو دی جاتی تو دہشتگردوں کو آسانی سے پکڑا جا سکتا تھا۔قائدِ حزبِ اختلاف نے کہاکہ ملک میں انصاف کا نظام بحال ہونا چاہیے۔ انہوں نے لاہور کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی گاڑیوں کے شیشے توڑے گئے، حالانکہ وہ کوئی دہشتگرد نہیں تھے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام اور سیاسی کارکنوں کو ہراساں کرکے نظام نہیں چلایا جا سکتا۔ لوگوں کو بولنے کی آزادی دی جائے کیونکہ اسی سے ریاست مضبوط ہوتی ہے۔

انہوں نے ایک بار پھر عمران خان کی رہائی کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ ان پر قائم مقدمات آگے نہیں بڑھ رہے اور سیاسی بحران کا حل صرف ان کی رہائی میں ہے۔علامہ راجا ناصر عباس نے کہاکہ وہ اپنی فوج کا احترام کرتے ہیں اور اسے سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا خاندان ملک کے دفاع میں جنگیں لڑ چکا ہے اور ہمیشہ افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔واضح رہے کہ محمود اچکزئی کی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تقرری کے بعد سینیٹ میں علامہ راجا ناصر عباس کی قائد حزب اختلاف تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔