Tuesday, January 27, 2026
ہومبریکنگ نیوزمحمود اچکزئی کا اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد ایوان کو مضبوط بنانے کا مطالبہ، حکومت کا ساتھ دینے کا عندیہ

محمود اچکزئی کا اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد ایوان کو مضبوط بنانے کا مطالبہ، حکومت کا ساتھ دینے کا عندیہ

اسلام آباد (آئی پی ایس )اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے قائد حزب اختلاف کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی ہی تقریر میں ایوان کو مضبوط بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت کا مشروط ساتھ دینے کا عندیہ دے دیا۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ یہ ایوان طاقت کا مرکز ہونا چاہیے، بے شک حکومت آپ کی ہو، جب بھی آپ عوام کی فلاح کی بات کریں گے ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کا فرمان ہے برے کاموں میں کسی کا ساتھ نہ دو، ہم اس ایوان کو طاقت کا سر چشمہ بنانا چاہتے ہیں، کوشش کریں گے ایسی بات نہ کریں جو ماں بہن کے سامنے نہیں کرسکتے، ہمیں اپنی چادر چار دیواری کا تحفظ کرنا ہوگا۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اچھے کاموں کے لئے ہمارے ووٹ بھی اپنے ووٹوں میں شامل کرلیں، آئیں داخلہ و خارجہ و معاشی پالیسیاں اس ایوان میں بنائیں، ہمیں وہ باتیں یہاں نہیں کرنی چاہئے جو اپنی ماں بہن کے سامنے نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پی پی اور مسلم لیگ ن کا مشکل وقت میں ساتھ دیا، ہم نے اپنے ووٹ کا ایک روپیہ کبھی کسی جماعت سے نہیں لیا، میں نے اصول کی بنیاد پر جس کے ساتھ کھڑاہوا اس کے ساتھ کھڑا رہا ہوں، میں نے اپنے حلف کی خلاف ورزی نہیں کی۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ میں آپ کو بلا وجہ تنگ نہیں کروں گا، اسپیکر سردار ایاز صادق سے ملوں گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پارلیمان کو مضبوط کیا وہ کہاں سے کہاں چلے گئے، ہم نے جمہوریت کو کمزور کیا تو کہاں پہنچ گئے، ہم پندرہ افراد سامنے نہیں لاسکتے جو قوم کی رہنمائی کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگ آسمان سے نہیں گریں گے ہم سب ملکر بیٹھیں، ہمیں وینزویلا سے سبق سیکھنا ہوگا، ہمارے ساتھ تو وینزویلا بہت پہلے ہوچکے دو ہیلی کاپٹر آئے اور ہماری خود مختاری کچل کر چلے گئے، آج بھی بعض طاقتیں بعض طاقتوں کو لڑانے کے لئے کوشاں ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔