اسلام آباد(آئی پی ایس ) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آتشزدگی کے واقعات سے نمٹنے اور حساس عمارات کیلئے حفاظتی اقدامات حوالے سے پیر کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، ڈائریکٹر جنرل بلڈنگ کنٹرول اینڈ ہاسنگ فیصل نعیم ، ڈائریکٹر جنرل کیپیٹل ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر عبد الرحمن اور دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں آتشزدگی سے بچا کے موجودہ انتظامات، حفاظتی اقدامات کو مزید مثر بنانے اور پرائیوٹ و پبلک عمارات کے حوالے سے جامع حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تمام بلند پرائیویٹ و پبلک عمارات کا باقاعدہ سروے کرکے مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر صورت اس امر کو یقینی بنایا جایا کہ ہائی رائز عمارات میں آگ سے بچا کیلئے تمام ضروری اقدامات اور ایمرجینسی ایگزٹ کے راستے لازمی موجود ہوں۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کسی بھی نئی عمارت کی تعمیر سے قبل اسکی فائر سیفٹی پلان کی منظور سی ڈی اے سے لازمی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نئی پرائیویٹ و پبلک عمارتوں کیلئے باقاعدہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے کوڈز کے مطابق فائر سرٹیفیکیشن لازمی ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ فائر فائیٹنگ کے جدید طریقوں کو اپناتے ہوئے نئی عمارات میں ڈرونز کو فائر فائٹنگ آپریشنز میں استعمال کیا جائیگا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ حساس اور پرانی عمارات کا فائر سیفٹی سے متعلق حفاظتی ضوابط پر مکمل عملدرآمد کیلئے واضح میکانزم وضع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فائر سیفٹی آڈٹ کے نظام کو مزید مثر بنانے اور اس پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد کیپیٹل ایمرجنسی سروسز ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر ہائی رائز عمارتوں میں باقاعدہ سمیولیشن مشقوں کا اہتمام کرے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کیلئے افرادی وسائل کی ضروریات کو فورا پورا کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں جدید ایمرجنسی آپریشن سینٹر کو ڈیجیٹل بنیادوں پر فعال بنانے، شہر کے مختلف اہم مقامات پر نئی ریسکیو اسٹیشنز بنانے کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں ہر طرح کی ایمرجنسی و آفات سے نمٹنے کیلئے ایک جامع قانونی و عملی فریم ورک پر کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
