Tuesday, January 27, 2026
ہومتازہ ترینسی ڈی اے کا الحمرا ایونیو ہاؤسنگ اسکیم سے کروڑوں روپے کی ریکوری کا فیصلہ، مکمل تفصیلات سب نیوز ہر

سی ڈی اے کا الحمرا ایونیو ہاؤسنگ اسکیم سے کروڑوں روپے کی ریکوری کا فیصلہ، مکمل تفصیلات سب نیوز ہر

اسلام آباد:(سب نیوز ) کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے زون فائیو اسلام آباد میں واقع الحمرا ایونیو ہاؤسنگ اسکیم سے توسیعی چارجز کی مد میں واجب الادا رقم کی وصولی کے لیے باضابطہ کارروائی شروع کر دی ہے۔

سی ڈی اے پلاننگ ونگ، ڈائریکٹوریٹ آف ہاؤسنگ سوسائٹیز کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق الہمرا ایونیو (پرائیویٹ) لمیٹڈ سے
تقریباً 1 کروڑ 96 لاکھ 41 ہزار روپے کی ریکوری مطلوب ہے۔ یہ رقم لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کے تحت وصول کی جائے گی۔

مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ واجبات مختلف آڈٹ پیراز کی روشنی میں سامنے آئے جن میں آڈٹ سال 2010-11، 2012-13، 2013-14، 2022-23 اور 2023-24 شامل ہیں۔ ان آڈٹ رپورٹس میں توسیعی چارجز کی عدم ادائیگی کی نشاندہی کی گئی تھی۔

سی ڈی اے نے اس ضمن میں ایڈیشنل کلیکٹر ریکوری و سینئر اسپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے کو باضابطہ کیس ارسال کر دیا ہے تاکہ واجبات کی وصولی کے لیے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ کیس کی تفصیلات مقررہ پروفارما پر فراہم کر دی گئی ہیں۔

مراسلے کے مطابق اس کیس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ہاؤسنگ سوسائٹیز محمد منشا کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سی ڈی اے کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے غیر ادا شدہ واجبات کی وصولی کے لیے آئندہ دنوں میں مزید سخت اقدامات متوقع ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔