جدہ (خالد نواز چیمہ)
ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب اور چیئرمین لینڈ ریکارڈ اتھارٹی و بورڈ آف ریونیو پنجاب چوہدری طارق سبحانی نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کا مجموعی ماحول بدل کر رکھ دیا ہے اور عوامی فلاح کے لیے دن رات محنت کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافِ رائے اپوزیشن کا حق ہے، مگر حقائق اس قدر واضح ہیں کہ شدید مخالفت کے باوجود بھی مخالفین اس بات سے انکار نہیں کر سکتے کہ پنجاب میں حقیقی اور مثبت تبدیلی آ چکی ہے۔
وہ جدہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے چیئرمین چوہدری محمد اکرم گجر کی جانب سے دیے گئے پروقار عشائیے سے خطاب کر رہے تھے، جس میں جدہ میں موجود تمام سیاسی، سماجی کاروباری صحافی اور کمیونٹی فورمز کی بھرپور نمائندگی دیکھنے میں آئی۔
اپنے پُرجوش اور پُراعتماد خطاب میں چوہدری طارق سبحانی نے کہا کہ اگر یہ کہا جائے کہ مریم نواز شریف نے اپنے والد سابق وزیرِ اعظم محمد نواز شریف اور چچا سابق وزیرِ اعلیٰ محمد شہباز شریف سے بھی زیادہ تیزی اور جذبے سے کام کیا ہے تو یہ مبالغہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی کارکردگی دیکھ کر سیاسی مخالفین اس تشویش میں مبتلا ہیں کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو پنجاب میں کیسے روکا جا سکے۔
چیئرمین لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے اپنے محکمے کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی مسلم لیگ (ن) کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو جائیدادوں اور دیگر سرکاری معاملات میں درپیش مشکلات سے نجات دلائی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ لینڈ ریکارڈ سسٹم کو مکمل طور پر آن لائن کیا جا رہا ہے اور برطانیہ میں قائم خصوصی ڈیسک کی طرز پر دنیا بھر اور انشاءاللہ جلد الریاض جدہ میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سہولت مراکز قائم کیے جائیں گے، تاکہ وہ یکسو ہو کر اپنے روزگار اور ذمہ داریوں پر توجہ دے سکیں۔
چوہدری طارق سبحانی نے میزبان چوہدری محمد اکرم گجر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے استاد بھی ہیں اور بھائی بھی۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ جدہ میں پاکستانی کمیونٹی کے “خوبصورت گلدستے” میں انہیں مدعو کیا گیا، جہاں تمام مکاتبِ فکر کے لوگ ایک چھت تلے جمع نظر آئے، جو قومی یکجہتی کی روشن مثال ہے بورے والا کی کمیونٹی کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔
عشائیے سے خطاب کرنے والوں میں سابق مشیر وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور چیئرمین پاکستان انویسٹرز فورم چوہدری اظہر عباس وڑائچ، صدر پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب تصور چوہدری، کنوینئر پاکستان قومی یکجہتی فورم سردار وقاص عنایت اللہ خان، پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کے وائس پریزیڈنٹ شریف زمان، جموں و کشمیر اوورسیز کمیٹی کے چیئرمین عارف مغل، صدر رابطہ کمیٹی راجہ محمد ریاض، مسلم کانفرنس کے صدر سردار اشفاق اور جنرل سیکریٹری قومی یکجہتی فورم چوہدری ظہیر احمد شامل تھے۔ تمام مقررین نے چوہدری طارق سبحانی کو جدہ آمد پر خوش آمدید کہا اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔
تقریب سے قبل میزبان چوہدری محمد اکرم گجر نے طارق سبحانی خاندان کی عوامی، سیاسی اور سماجی خدمات پر خصوصی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) جدہ ریجن کے عمر مسعود پوری نور محمد آرائیں میاں راضوان فاروق انجم احسان الٰہی گجر مکہ مکرمہ سے طاہر جویہ حافظ مقصود رانا شوکت فیصل اباد سے مسلم لیگ رہنما خواجہ لقمان عہدیداران، یارانِ جدہ کے اراکین، مختلف تنظیموں کے نمائندگان اور صحافتی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب ایک پُراثر اور جذباتی ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اوورسیز پاکستانی وطنِ عزیز کی ترقی، استحکام اور خوشحال مستقبل کے لیے اپنا کردار پہلے سے بڑھ کر ادا کرتے رہیں گے۔
مریم نواز نے پنجاب کا ماحول بدل دیا، مثبت تبدیلی سے مخالفین بھی انکار نہیں کر سکتے: چوہدری طارق سبحانی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
