Monday, January 26, 2026
ہومپاکستانچیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا کراچی میں گل پلازہ آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا کراچی میں گل پلازہ آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار


اسلام آباد: (سب نیوز)

چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے کراچی کے علاقے میں واقع گل پلازہ میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع، متعدد افراد کے زخمی ہونے اور درجنوں دکانوں کے جل کر خاکستر ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ گل پلازہ میں پیش آنے والا یہ افسوسناک واقعہ نہایت دلخراش ہے، جس میں کئی خاندان اپنے پیاروں سے محروم ہو گئے جبکہ متعدد افراد شدید زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے میں قیمتی جانوں کا ضیاع پوری قوم کے لیے باعثِ رنج و الم ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا کرے اور پسماندگان کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبر عطا فرمائے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں گل پلازہ کی متعدد دکانیں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو چکی ہیں جس سے تاجروں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کریں اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنایا جائے۔
۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہری علاقوں میں فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات اور قوانین پر سختی سے عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔