Wednesday, January 28, 2026
ہومپاکستانشب معراج کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی مسلم امہ کو مبارکباد

شب معراج کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی مسلم امہ کو مبارکباد

اسلام آباد(آئی پی ایس )اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شبِ معراج کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شبِ معراج حضور نبی کریم ۖ کی حیاتِ طیبہ کا ایک عظیم اور روحانی معجزہ ہے، جس میں ایمان، عبادت، صبر اور اطاعتِ الہی کا جامع پیغام مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقدس رات اللہ تعالی کی بے پایاں قدرت اور حضور نبی کریم ۖ کے بلند و ارفع مقام کی واضح اور روشن دلیل ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شبِ معراج وہ عظیم رات ہے جب اللہ تعالی اپنے محبوب نبی کریم ۖ کو مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصی اور وہاں سے عرش الہی لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اللہ تعالی کا عظیم معجزہ تھا کہ مختصر ترین وقت میں حضرت محمد خاتم النبیین ۖ کو ساتوں آسمانوں کی سیر کرائی گئی اور عرش عظیم تک لے جایا گیا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ اسی مقدس موقع پر نماز جیسی عظیم عبادت کا تحفہ امتِ مسلمہ کو عطا کیا گیا، جو مومن کے لیے روحانی بلندی اور قربِ الہی کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں اپنی عملی زندگی میں نماز کی پابندی، صبر و تحمل، برداشت اور اعلی اخلاقی اقدار کو اپنانا چاہیے تاکہ ایک منصفانہ، پرامن اور فلاحی معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شبِ معراج یہ عظیم درس دیتی ہے کہ مشکلات اور آزمائشوں کے بعد اللہ تعالی کی مدد اور کامیابی یقینی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ معجزہ ایسے کٹھن وقت میں پیش آیا جب حضور نبی کریم ۖ کو ہر مشکل میں ساتھ دینے والی زوجہ حضرت خدیجہ اور اپنے مہربان چچا حضرت ابو طالب کی جدائی جیسے عظیم صدمات کا سامنا تھا۔ یہ واقعہ اس حقیقت کی نشاندہی کرتا ہے کہ اللہ تعالی ہر آزمائش کے بعد آسانی عطا فرماتا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے قوم سے اس بابرکت رات میں فلسطین، بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمان بھائیوں اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے کردار ادا کریں۔ انہوں نے بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی آزادی اور بنیادی حقوق کی بحالی کے لیے بھی دعا کی۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دعا کی کہ اللہ تعالی اس بابرکت رات کے صدقے پاکستان کو امن، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے، اور امتِ مسلمہ کو درپیش تمام مسائل اور چیلنجز سے نجات نصیب کرے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔