Friday, January 16, 2026
ہومبریکنگ نیوزسیکیورٹی فورسز کی بنوں اور کرم میں کارروائیاں، 13 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی بنوں اور کرم میں کارروائیاں، 13 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی(آئی پی ایس )سیکیورٹی فورسز نے 13 اور 14 جنوری کو خیبر پختونخوا کے اضلاع بنوں اور کرم میں دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 خوارج کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مثر طریقے سے نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 8 خوارج مارے گئے۔

ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع کرم میں کیا گیا جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 5 خوارج کو موثر کارروائی میں ہلاک کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی ممکنہ طور پر موجود بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔

قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رکھیں گے، ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے سکیورٹی فورسز ہر قیمت پر کارروائیاں جاری رکھیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی ہے اور کہا ہے کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔