جدہ /خالد نواز چیمہ/آفتاب کھوکھر: پاکستان کے ممتاز سفارتکار، تین دہائیوں پر محیط شاندار سفارتی خدمات کا درخشاں باب
پاکستان کے سینئر، کہنہ مشق اور باوقار سفارتکار آفتاب احمد کھوکھر کا شمار ان شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے تین دہائیوں سے زائد عرصے تک پاکستان کی خارجہ پالیسی، سفارتی وقار اور اوورسیز پاکستانیوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے گراں قدر اور مثالی خدمات انجام دیں۔
آفتاب کھوکھر نے سفیرِ پاکستان برائے آسٹریا اور سفیرِ پاکستان برائے لبنان کی حیثیت سے فرائض انجام دیے۔ ان مناصب پر فائز رہتے ہوئے انہوں نے نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کیا بلکہ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون کے نئے امکانات بھی پیدا کیے۔ ان کے دورِ سفارت میں پاکستان کا مثبت، متوازن اور ذمہ دار تشخص عالمی برادری میں مؤثر انداز سے اجاگر ہوا۔
اس سے قبل وہ قونصل جنرل آف پاکستان، جدہ جیسے انتہائی اہم اور حساس عہدے پر بھی فائز رہے۔ جدہ میں بطور قونصل جنرل ان کا دور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک سنہری مثال کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے فوری اور عملی حل، قونصلر خدمات میں شفافیت، سہولت اور جدیدیت کے فروغ کے لیے نمایاں اور دیرپا اقدامات کیے۔
حج و عمرہ سیزن کے دوران پاکستانی عازمین کے لیے مؤثر انتظامات، لیبر مسائل کے حل کے لیے سعودی حکام سے فعال رابطہ، اور کمیونٹی کے ساتھ براہِ راست اور کھلا رابطہ ان کی نمایاں پہچان رہا۔ انہوں نے قونصلیٹ آفس میں ایجنٹ مافیا، سفارش کلچر اور غیر ضروری رکاوٹوں کا خاتمہ کیا، جس سے عام پاکستانی کو براہِ راست افسران تک رسائی ممکن ہوئی۔
پاکستان انٹرنیشنل اسکولوں میں سیاسی مداخلت کے خاتمے اور تعلیمی ماحول کے استحکام کے لیے بھی ان کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ان کا قونصلیٹ آفس ہمہ وقت عوام کے لیے کھلا رہتا تھا، جہاں عام آدمی بلا خوف و جھجھک اپنی شکایات اور مسائل پیش کر سکتا تھا۔
آفتاب کھوکھر کی سفارتی شخصیت کا نمایاں پہلو ان کی بردباری، معاملہ فہمی، پیشہ ورانہ دیانت اور قومی مفاد پر غیر متزلزل یقین ہے۔ چاہے مشکل سیاسی حالات ہوں یا کمیونٹی سے متعلق حساس معاملات، انہوں نے ہمیشہ تدبر، حکمت اور وقار کے ساتھ پاکستان کے مؤقف کا دفاع کیا۔
اس وقت وہ جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے ہیڈکوارٹر میں ایڈیشنل سیکریٹری کے طور پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جدہ میں مقیم پاکستانی آج بھی ان کی بطور قونصل جنرل شاندار کارکردگی کو قدر و احترام سے یاد کرتے ہیں۔
سفارتی حلقوں اور اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے نزدیک آفتاب کھوکھر ایک ایسے سفارتکار کے طور پر جانے جاتے ہیں جنہوں نے محض ریاست کی نمائندگی ہی نہیں کی بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کے دلوں میں پاکستان کی آواز بن کر خدمات انجام دیں۔ ان کی سفارتی خدمات نئی نسل کے سفارتکاروں کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کا نام پاکستان کی سفارتی تاریخ میں ہمیشہ احترام سے لیا جاتا رہے گا۔
