Friday, January 16, 2026
ہومپاکستاناسلام آباد گیس دھماکہ، وفاقی وزیر سردار یوسف کا متاثرین کے لئے امداد کا اعلان

اسلام آباد گیس دھماکہ، وفاقی وزیر سردار یوسف کا متاثرین کے لئے امداد کا اعلان

اسلام آباد (آئی پی ایس) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے جی سیون میں گیس دھماکے سے متاثرہ گھر کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کے دوران مالی امداد کا اعلان کیا۔
وزیر کے مطابق، حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو ہر ایک کے لیے پانچ لاکھ روپے دیے جائیں گے، جبکہ زخمی افراد کو فی کس پچاس ہزار روپے کی امداد فراہم کی جائے گی۔ یتیم بچی کے جہیز کے لیے وزیر نے اپنے خصوصی فنڈ سے بھی مالی معاونت دینے کا اعلان کیا۔


سردار محمد یوسف نے کہا کہ یہ واقعہ ایک بہت بڑا صدمہ ہے اور خاص طور پر کرسچن کمیونٹی کے لیے قومی المیہ ہے۔ وزیر نے کہا، “آج وزارت کے تمام ذمہ دار افسر یہاں موجود ہیں اور ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ہر ممکن مدد فراہم کرے گی اور متاثرہ علاقے کی تعمیر نو کے لیے حکومت ہدایات جاری کرے گی۔


وزیر نے بتایا کہ آئندہ ایسے حادثات سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ سانحات کے دوران قومی یکجہتی ہی ہماری حقیقی طاقت ہے اور انسانی درد کی کوئی مذہبی یا سماجی سرحد نہیں ہوتی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔