اسلام آباد(آئی پی ایس )جماعت اسلامی نے اسلام آباد میں بلدیاتی اداروں کا صدارتی آرڈیننس عدالت میں چیلنج کر دیا۔جماعت اسلامی کی جانب سے درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی۔ درخواست امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا کی طرف سے دائر کی گئی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ شیڈول جاری ہونے کے بعد آرڈیننس کا جواز نہیں بنتا اور آرڈیننس مکمل طور پر آئین کی خلاف ورزی ہے۔جماعت اسلامی صدارتی آرڈیننس کو مسترد کرتی ہے۔ اختیارات کی منتقلی اور انتخابات کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ دو روز قبل صدر مملکت آصف علی زرداری نے مقامی حکومت کے قیام سے متعلق اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کا صدارتی آرڈیننس جاری کیا تھا۔
جس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں میٹروپولیٹن کارپوریشن نظام ختم اور ٹاون کارپوریشنز قائم کیے جائیں گے۔ جبکہ اسلام آباد کو قومی اسمبلی کے تین حلقوں کی بنیاد پر تین ٹان کارپوریشنز میں تقسیم کیا جائے گا۔
