Tuesday, March 3, 2026
ہومتازہ ترین‎قائم مقام صدر سے اطالوی سفیر کی ملاقات، تعلقات مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

‎قائم مقام صدر سے اطالوی سفیر کی ملاقات، تعلقات مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال




‎اسلام آباد: (سب نیوز ) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے جمہوریہ اٹلی کی سفیر محترمہ مارلینا آرمِلِن نے آج ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور اٹلی کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

‎قائم مقام صدر نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان 75 سال سے زائد عرصے پر محیط سفارتی تعلقات قائم ہیں جو باہمی دوستی اور اہم عالمی فورمز پر تعاون پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر اٹلی کی حمایت کو سراہا اور اطالوی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے تین لاکھ سے زائد پاکستانی تارکینِ وطن کی میزبانی کی ہوئی ہے۔

‎سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان میں اطالوی کمپنیوں کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بالخصوص دواسازی، تیل و گیس اور ریلوے کے شعبوں میں اطالوی کمپنیاں فعال ہیں۔ انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید وسعت دینے میں پاکستان کی دلچسپی پر زور دیا۔

قائم مقام صدر نے اٹلی جانے والے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور لیبر مائیگریشن پروگرام کے تحت ہنرمند کارکنوں کے کوٹے میں اضافے کی خواہش کا اظہار کیا، جس کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) زیرِ غور ہے۔

‎اطالوی سفیر نے کہا کہ اٹلی پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور یہ کہ پاکستان ان اولین ممالک میں شامل تھا جن کے ساتھ اطالوی جمہوریہ نے سفارتی تعلقات قائم کیے۔

‎اطالوی سفیر نے سائنسی، آئی ٹی سے متعلق شعبوں اور صحت کے میدان میں ہنرمند افرادی قوت کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اطالوی ادارے پاکستانی جامعات کی جانب سے اطالوی زبان کے کورسز متعارف کرانے کے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں، جس سے روزگار کے مواقع میں بہتری آئے گی۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے تعلیم، ہجرت، تجارت اور عوامی روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔