اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سال نیا ہے لیکن پاکستان کے مسائل وہی پرانے ہیں، سہیل آفریدی کا دورہ سندھ بہت اچھا رہا لیکن سندھ حکومت کا آخری دن کا رویہ جمہوری نہیں تھا، حکومت اب سپراسپیڈ سے نکل کر ونڈربوائے کی متلاشی ہوگئی ہے، حکومت جلد اپوزیشن لیڈرکا نوٹیفکیشن کردے،کہیں ہوم الون کا شکارنہ ہوجائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سال نیا ہے لیکن پاکستان کے مسائل وہی پرانے ہیں۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے دورہ سندھ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کا دورہ سندھ بہت اچھا رہا۔ ہزاروں لوگ نکلے لیکن افسوس ہوا کہ سندھ حکومت کا آخری دن کا رویہ جمہوری سوچ کا عکاس نہیں تھا۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ان کو اپنا بھرم نبھانا چاہیے تھا۔ سندھی ٹوپی اور اجرک کا خیال رکھنا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی نے سیاست کرنی ہے تو عوام کی آواز سننی ہو گی۔ اور ہم نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔
