Tuesday, January 13, 2026
ہومپاکستانمری پولیس"مشن سیف ونٹر"کے تحت برفباری کے متوقع چیلنج کو محفوظ سیاحت میں بدلنے کے لئے مکمل تیار

مری پولیس”مشن سیف ونٹر”کے تحت برفباری کے متوقع چیلنج کو محفوظ سیاحت میں بدلنے کے لئے مکمل تیار

مری/اسلام آباد( سب نیوز)

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مری ڈاکٹر محمدرضا تنویر نے کہا ہے کہ مری پولیس نے سیاحوں کی حفاظت کے لیے ایک فول پروف ‘ڈیجیٹل اور فیلڈ حصار’ قائم کر دیا ہے۔ پوری فورس ہائی الرٹ، “ڈی پی او ڈائریکٹ” کے ذریعے پولیس اور عوام کے درمیان حائل روایتی فاصلوں کو بھی ختم کر دیا ہے۔ اب مری کا سفر محض ایک سیر و سیاحت نہیں، بلکہ جدید مانیٹرنگ اور فوری رسپانس سسٹم کے سائے میں ایک محفوظ تجربہ ہوگا۔

پیر کو میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر کا کہنا تھا کہ
محکمہ موسمیات کی جانب سے 17 سے 21 جنوری تک متوقع شدید برفباری اور سیاحوں کی کثیر تعداد میں آمد ، گاڑیوں کے داخلے کی پیشگوئی کے پیش نظرتمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ضلعی پولیس، ٹریفک پولیس اور سیف سٹی ٹیمیں مری اور ملحقہ علاقوں میں مکمل طور پر متحرک ہیں، جہاں تمام انٹری پوائنٹس پر سخت چیکنگ اور ٹریفک ڈائیورژن پلان پر بروقت عمل کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔ سیف سٹی کے سی سی ٹی وی کیمروں اور اے این پی آر سسٹم کے ذریعے حساس سڑکوں کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی بنیاد پر فیلڈ میں فوری فیصلے کیے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر رضا تنویر نے بتایا کہ ڈھلوانی سڑکوں اور لینڈ سلائیڈ کے خدشات والے علاقوں میں دن رات گشت کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ ریکوری کرینز، نمک چھڑکنے والی مشینری اور ریسکیو 1122 کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن کے تحت ایمرجنسی رسپانس یقینی بنایا گیا ہے، جبکہ سینئر افسران خود فیلڈ ڈیوٹی کی نگرانی کر رہے ہیں۔ متوقع شدید برفباری کے پیش نظر اضافی پولیس نفری بھی طلب کی جا رہی ہے تاکہ ٹریفک کنٹرول اور عوامی سہولت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

ڈی پی او مری نے عوام اور سیاحوں کو سخت ہدایت کی ہے کہ برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ناگزیر سفر کی صورت میں گاڑی کا ایندھن مکمل رکھیں، گرم کپڑے، خوراک اور اسنو چینز کا استعمال یقینی بنائیں۔ انہوں نے خاص طور پر تاکید کی کہ گاڑی کھڑی ہونے کی صورت میں ایک کھڑکی قدرے کھلی رکھیں تاکہ تازہ ہوا کی آمدورفت برقرار رہے۔

ڈاکٹر رضاتنویر نے بتایا کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے “ڈی پی او ڈائریکٹ” سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ سیاح اور شہری اب اپنے ٹریفک و سیکیورٹی مسائل یا کسی بھی بدتمیزی کی اطلاع براہ راست واٹس ایپ نمبر 03111177553 پر میسج کے ذریعے دے سکتے ہیں۔ یہ سروس فوری اور خفیہ کارروائی کا ذریعہ ہوگی، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر 15 پر رابطہ کیا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔