اسلام آباد:(سب نیوز)
حویلیاں میں منعقدہ ایک جلسے کے دوران این اے 18 ہری پور کے انتخابی عملے کے خلاف مبینہ دھمکی آمیز گفتگو کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق جاری نوٹس پر سماعت کرے گا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو حاضری سے استثنیٰ دے رکھا ہے۔ اس کیس میں ناقابلِ سماعت قرار دینے کی درخواست پر الیکشن کمیشن پہلے ہی اعتراض عائد کر چکا ہے، جبکہ گزشتہ سماعت پر کمیشن نے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے وکیل کو ہدایت کی تھی کہ مذکورہ درخواست دوبارہ دائر کی جائے۔
اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے سہیل آفریدی کے وکیل کو پاور آف اٹارنی جمع کرانے کی بھی ہدایت کی تھی۔ یہ درخواست پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما بابر نواز کی جانب سے الیکشن کمیشن میں دائر کی گئی ہے، جس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔
