اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان میں فارمیسی تعلیم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کا فیصلہ کرلیاگیا۔فارمیسی ایکٹ 1967 کو جدید تقاضوں اور عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ازسرِنو مرتب کیا جائے گا،وفاقی وزیر صحت نے فارمیسی ایکٹ میں ضروری ترامیم کیلئے اعلی سطح تکنیکی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہاہے کہ کمیٹی جامع جائزہ لے کر قابلِ عمل سفارشات جلد ازجلد مرتب کرے اور فارمیسی کونسل کے تمام امور کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق درپیش چیلنجز پر غور کیلئے وزیر صحت مصطفی کمال کی زیر صدارت جائزہ اجلاس ہوا جس میں پاکستان میں فارمیسی تعلیم بمطابق بین الاقوامی معیار بنانے کا جائزہ لیا گیا،ڈی جی ہیلتھ ، ڈائریکٹر فارمیسی سروسز،اور ڈریپ کی جانب سے وزیر صحت کو بریفنگ دی گئی،وزیر صحت کو فارمیسی کے چیلنجز بارے تفصیلی بریف کیا گیا جس میں بتایاگیاکہ موجودہ فارمیسی کونسل 1967 کے قانون کے مطابق کام کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے اس موقع پر کہاکہ فارماسسٹ کا صحت کے نظام میں ایک کلیدی کردار ہے،فارمیسی میں شفافیت، کارکردگی و نظام کی بہتری یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں، فارمیسی کونسل کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے،اورفارمیسی ایجوکیشن، انٹرنیشنل سٹینڈرڈز کے مطابق لانے کیلئے تمام اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ مصطفی کمال نے کہاکہ فارمیسی گریجویٹس کی تربیت قومی و بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق ہونی چاہیے، معیاری تربیت سے ادویات کے معیار، مریضوں کی سلامتی اور پیشہ ورانہ اہلیت کو یقینی بنائیں گے۔
