اسلام آباد (سب نیوز)نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی اجلاس میں مہنگائی،ضروری اشیائے خورو نوش کی دستیابی اور ماہ رمضان سے پہلے قیمتوں کے استحکام پرغور کیا گیا ۔
وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال کی زیرصدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی ادارہ شماریات کے حکام نے مہنگائی کی صورت حال پر بریفنگ دی،احسن اقبال نے ہدایت کی کہ ماہ رمضان سے پہلے امپورٹ پرمنحصراشیا کی نگرانی کی جائے، چنے، خوردنی تیل،کھجور اوردالوں کے ذخیرے کی مانیٹرنگ ضروری ہے،ناجائزمنافع خوروں پر کڑی نظر رکھی جائے،ریگولیٹرز اور مالی اداروں کا مستقل تعاون ضروری ہے،قیمتوں کا استحکام، خوراک کا تحفظ اور عوام کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وفاقی وزیر نے فوڈ کوالٹی،کولڈ چین انفرا اسٹرکچر کے مطالعہ اورعالمی بہترین طریقے اپنانے پر زور دیا، پولٹری،ڈیری اورجوس سیکٹرزمیں پالیسی ورکنگ پیپر تیارکرنیکا حکم دیا، درآمدات کم کرنے اور زر مبادلہ بچانے کے لیے زرعی خود کفالت پر رپورٹ طلب کرلی ۔
اجلاس کے شرکاکو بتایاگیا کہ گندم کی بوائی کا ہدف حاصل کرلیاگیا ہے،دسمبر میں مہنگائی بڑھ کر پانچ اعشاریہ چھ فیصد ہوگئی،گندم ،دودھ اورمرغی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، آلو ،ٹماٹر،پیاز،چائے،دالیں، بجلی اور اسٹیشنری کی قیمتیں کم ہوئیں،چینی اوسطا 180 روپے کلو سے کم ہوکرتقریبا 150روپے پر آگئی، گندم کا اسٹاک چار ماہ کیلئے کافی ہے،چینی کی دستیابی بہتر،چاول ، مرغی اور آلو کی پیداوار مضبوط ہے ۔
