اسلام آباد: (آئی پی ایس) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے خواتین کو ہراساں کرنے کے سنگین مقدمے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق راولپنڈی سے گرفتار ملزم کی شناخت محمد اویس کے نام سے ہوئی ہے، جس پر ایک خاتون اور ان کی والدہ کی نازیبا تصاویر وائرل کرنے کا الزام ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے واٹس ایپ گروپس میں غلیظ کیپشنز کے ساتھ تصاویر شیئر کیں، جس کے ذریعے متاثرہ خاندان کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔
حکام کے مطابق ملزم نے جان بوجھ کر خاندان کے افراد کو مختلف واٹس ایپ گروپس میں شامل کر کے ہراسانی کا سلسلہ جاری رکھا۔ این سی سی آئی اے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ملزم کو گرفتار کر کے شواہد قبضے میں لے لیے گئے ہیں اور کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔
واقعے کا مقدمہ سائبر کرائم سرکل اسلام آباد میں درج کر لیا گیا ہے، جبکہ سب انسپکٹر شہروز ریاض کی سربراہی میں تفتیش جاری ہے۔
