کولمبیا(آئی پی ایس )کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کے جواب میں ہتھیار اٹھانے کا اعلان کر دیا۔کولمبیئن صدر گستاوو پیٹرو نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دھمکیوں کا سامنا ہوا تو وہ ہتھیار اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔
کولمبیئن صدر نے کہا کہ میں نے ہتھیاروں کو ہاتھ نہ لگانے کی قسم کھائی تھی لیکن وطن کے لیے میں ایک بار پھر ہتھیار اٹھانے کو تیار ہوں۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا نے ہفتے کے آخر میں فوجی کارروائی کے ذریعے پڑوسی ملک وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو حراست میں لیا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کولمبیئن صدر کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی خیر منائے اور توہین آمیز الفاظ میں ایک بیمار آدمی قرار دیا تھا ۔صدر ٹرمپ نیکہا تھا کہ کولمبیا ایک بیمار شخص چلا رہا ہے جو کوکین بنانے اور اسے امریکا فروخت کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے لیکن وہ زیادہ عرصے تک ایسا نہیں کر پائیگا۔
ایک موقع پر صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا وہ کولمبیا کے خلاف امریکی فوجی آپریشن کی بات کر رہے ہیں؟ جس پر صدر ٹرمپ نے جواب دیا کہ کولمبیا کی موجودہ حکومت کیخلاف امریکی فوجی کارروائی کا امکان کا سن کر انہیں اچھا لگا۔ایکس پر جاری بیان میں صدر پیٹرو نے کہا کہ کولمبیا کی انسدادِ منشیات پالیسی مضبوط ہے، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فوجی طاقت کے استعمال کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔
