واشنگٹن(آئی پی ایس )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر نئی دہلی نے روسی تیل کی خریداری محدود کرنے سے متعلق واشنگٹن کے مطالبات پورے نہ کیے تو امریکا بھارت پر ٹیرف بڑھا سکتا ہے۔ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ نریندر مودی اچھے آدمی ہیں، انہیں معلوم تھا کہ میں خوش نہیں ہوں اور مجھے خوش کرنا ضروری تھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت تجارت کرتا ہے اور ہم ان پر بہت تیزی سے ٹیرف بڑھا سکتے ہیں۔یہ بیان بھارت کی جانب سے روسی تیل کی خریداری سے متعلق سوال کے جواب میں سامنے آیا۔ تاہم ٹرمپ کے اس بیان پر بھارتی وزارتِ تجارت نے فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔امریکا نے گزشتہ برس روسی تیل کی بڑی مقدار میں خریداری پر بھارت کو سزا کے طور پر بھارتی اشیا پر درآمدی ٹیرف دگنا کر کے 50 فیصد کر دیا تھا۔
تاہم بھاری ٹیرف کے باوجود نومبر میں امریکا کو بھارتی برآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔بہتر تجارتی اعداد و شمار کے بعد بھارتی حکام نے امریکی تجارتی مطالبات کے مقابلے میں سخت مقف اختیار کیے رکھا ہے اور زرعی درآمدات جیسے شعبوں میں محدود لچک کا عندیہ دیا ہے، جبکہ اعداد و شمار کے مطابق روس سے بھارت کی تیل کی خریداری میں کمی آئی ہے۔

