مری(آئی پی ایس)ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے کہا ہے کہ برفباری کے دوران عوام کی جان و مال کا تحفظ، ٹریفک کی روانی اور سیاحوں کو مکمل سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، مری پولیس اور ٹریفک پولیس نے 23 ہزار سے زائد گاڑیوں کے داخلے کے باوجود بہترین حکمت عملی سے ٹریفک کو رواں دواں رکھا۔ مری میں دوپہر تقریبا 2:15 بجے ہلکی برفباری کا آغاز ہوا جو 3:45 بجے تک جاری رہا، جس سے مال روڈ، کشمیر پوائنٹ اور بٹڑیان سمیت مختلف سیاحتی مقامات برف کی سفید چادر سے ڈھک گئے۔
ڈی پی اومری ڈاکٹر تنویر رضا کی قیادت میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے فوری ردعمل دیتے ہوئے اہم راستوں پر ٹریفک مینجمنٹ کو یقینی بنایا، تمام ناکہ جات فعال رہے اور سیاحوں کو بروقت محفوظ مقامات کی جانب گائیڈ کیا گیا۔ڈی پی او مری ڈاکٹر تنویر رضا نے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 23,114 گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں جبکہ 15,143 گاڑیاں باہر نکلیں، جس کے مطابق اس وقت 7,971 گاڑیاں مری کے اندر موجود ہیں۔
آج دوپہر تک کے ڈیٹا کے مطابق ضلع میں 12,777 گاڑیاں داخل ہوئیں جبکہ سٹی (شہر) میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی تعداد 7,242 رہی۔ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے بتایا کہ تمام افسران، اہلکار، ٹریفک وارڈنز اور ریسکیو ٹیمز ہر مقام پر چوکنا رہیں جس کے نتیجے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا اور مجموعی صورتحال مکمل طور پر قابو میں رہی۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی اس بروقت کارروائی کو عوام اور سیاحوں کی جانب سے بھی سراہا گیا۔

