Friday, March 13, 2026
ہومبریکنگ نیوزمحسن نقوی کا منی لانڈرنگ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

محسن نقوی کا منی لانڈرنگ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

اسلام آباد (آئی پی ایس) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے منی لانڈرنگ، جعلی ادویات اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث مافیا کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے ایف آئی اےکراچی زون کا دورہ کیا اور ایف آئی اے کراچی زون اور ساؤتھ زون کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

اجلاس میں محسن نقوی نے منی لانڈرنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بڑے منی لانڈرز پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے اور منی لانڈرنگ میں ملوث عناصر کی پوری منی ٹریل بے نقاب کی جائے، حوالہ ہنڈی کا کاروبارکسی صورت برداشت نہیں، بلاامتیاز ایکشن نظرآنا چاہیے۔

سولر پینلز کی آڑ میں منی لانڈرنگ، جعلی کمپنیوں پر 111 ارب روپے کے جرمانے عائد
انہوں نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹس مافیا کیخلاف مؤثر کارروائی کا حکم بھی دیا اور کہا کہ معصوم لوگوں کو جھانسہ دےکرباہربھجوانے والے رتی بھر رعایت کے مستحق نہیں، بغیر دباؤ ایجنٹس مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے۔

محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ جعلی ادویات کا کاروبار کرنے والے انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں، مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ایف آئی اے کراچی زون میں انسانی وسائل کی کمی ترجیحی بنیادپردورکی جائےگی، تمام ضروری وسائل دیں گے،کارکردگی سے ادارے کی نیک نامی بڑھانی ہے۔

اجلاس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 4 ماہ میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث 20 ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا، 140 ملین روپے کی نان کسٹم مصنوعات اور ڈرگز ضبط کی گئیں، مسافروں کی سہولت کیلئے کراچی ائیر پورٹ پر سہولت سینٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔