بیجنگ :آئرلینڈ کے وزیراعظم مائیکل مارٹن 4 سے 8 جنوری تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ہفتہ کے روز چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس حوالے سے کہا کہ یہ دورہ آئرلینڈ کے وزیراعظم کا 14 سال بعد چین کا دوبارہ دورہ ہے۔
دورے کے دوران،چینی صدر شی جن پھنگ ان کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ چینی وزیراعظم لی چھیانگ اور قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین زاؤ لے جی ان سے الگ الگ ملاقات اور بات چیت کریں گے، اور دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر گہرائی سے تبادلہ خیال کریں گے۔ بیجنگ کے علاوہ، وزیراعظم مارٹن شنگھائی کا بھی دورہ کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ حالیہ برسوں میں، چین اور آئرلینڈ کے درمیان باہمی مفادات پر مبنی اسٹریٹجک شراکت داری مضبوطی سے فروغ پا رہی ہے۔ فریقین باہمی احترام اور مساوات کے اصول پر قائم رہتے ہوئے، کھلے تعاون کے ذریعے باہمی فوائد اور مشترکہ ترقی حاصل کرتے ہیں اور دو ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچاتے ہیں۔ چین اس دورے کو ایک موقع کے طور پر لینا چاہتا ہے اور آئرلینڈ کے ساتھ سیاسی اعتماد کو بڑھانے، باہمی مفادات پر مبنی شراکت داری کو وسعت دینے، دونوں ممالک کی اعلیٰ معیار کی ترقی اور چین-یورپ تعلقات کے صحت مند اور مستحکم عمل کو نئی طاقت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
