Tuesday, January 13, 2026
ہومبریکنگ نیوزصدر آصف زرداری کا پاک فضائیہ کے مقامی تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر خراجِ تحسین

صدر آصف زرداری کا پاک فضائیہ کے مقامی تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر خراجِ تحسین

اسلام آباد (سب نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاک فضائیہ کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ جدید تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر دلی مسرت اور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ مقامی سطح پر جدید ہتھیاروں کی تیاری پاکستان کی قومی صلاحیت، مضبوط عزم اور ادارہ جاتی مہارت کی واضح عکاس ہے۔

انہوں نے اس کامیابی کو ملکی دفاعی خود انحصاری کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
صدر زرداری کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی اس نمایاں کامیابی سے نہ صرف ملکی دفاع مزید مضبوط ہوا ہے بلکہ خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کی ذمہ دارانہ دفاعی پالیسی کو بھی تقویت ملی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ دفاعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا عملی اظہار ہے۔

صدرِ مملکت نے اس اہم کامیابی پر سائنسدانوں، انجینئرز اور پاک فضائیہ کے افسران و جوانوں کی محنت، پیشہ ورانہ لگن اور قومی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔