Tuesday, January 13, 2026
ہومبریکنگ نیوزفیڈرل پبلک سروس کمیشن کی کارکردگی میں نمایاں بہتری، سال 2025 میں بھرتیوں کا ریکارڈ بہتر

فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی کارکردگی میں نمایاں بہتری، سال 2025 میں بھرتیوں کا ریکارڈ بہتر


اسلام آباد: فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سال 2025 کے دوران بھرتیوں کے عمل میں نمایاں بہتری لاتے ہوئے مختلف وفاقی اداروں میں میرٹ پر تقرریوں کا مؤثر نظام قائم کیا ہے۔ کمیشن کی یہ کارکردگی حکومت کے شفافیت کے فروغ کے ایجنڈے کا اہم حصہ قرار دی جا رہی ہے۔
ایف پی ایس سی کے اعلامیے کے مطابق سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 3005 نامزدگیاں مکمل کی گئیں، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ایک نمایاں پیش رفت ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ بھرتیوں میں یہ بہتری ادارے کے اندرونی اصلاحاتی اقدامات کا نتیجہ ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بھرتیوں کے کیسز نمٹانے کا دورانیہ جو پہلے 18 سے 24 ماہ تک ہوتا تھا، اب کم ہو کر 5 سے 7 ماہ رہ گیا ہے، جس سے امیدواروں اور متعلقہ اداروں دونوں کو خاطر خواہ سہولت حاصل ہوئی ہے۔
ایف پی ایس سی کے مطابق تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھرتیاں ترجیحی بنیادوں پر کی گئیں، تاکہ عوامی فلاح سے وابستہ اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
کمیشن نے مزید بتایا کہ سی ایس ایس 2023 (اسپیشل) اور سی ایس ایس 2024 کی بھرتیاں کامیابی سے مکمل کر لی گئی ہیں، جبکہ سی ایس ایس 2025 کے تقریباً 65 فیصد انٹرویوز بھی مکمل ہو چکے ہیں۔
اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ایف پی ایس سی میں اصلاحات کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے، جس کا مقصد نظام کو مزید شفاف، تیز رفتار اور مؤثر بنانا ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات کے نتیجے میں ادارے کی مجموعی کارکردگی میں مزید نمایاں بہتری آئے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔