اسلام آباد(سب نیوز) سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی طاہر حسین آج اپنی طویل اور شاندار سرکاری ملازمت مکمل کرنے کے بعد باعزت طور پر ریٹائر ہو گئے۔ اس موقع پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے ان کے اعزاز میں ایک باوقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی طاہر حسین نے اپنے طویل سرکاری کیریئر کے دوران قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں پارلیمانی امور کی انجام دہی، قانون سازی کے عمل کو مثر بنانے، ادارہ جاتی اصلاحات اور انتظامی نظم و نسق کو بہتر بنانے میں گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔
وہ ایک باصلاحیت، فرض شناس اور تجربہ کار افسر کے طور پر جانے جاتے ہیں، جنہوں نے اپنے فرائض دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور اعلی انتظامی صلاحیتوں کے ساتھ انجام دیے۔ان کی قیادت میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے متعدد اہم انتظامی اور پارلیمانی معاملات میں نمایاں پیش رفت کی، جس کے نتیجے میں ادارے کی مجموعی کارکردگی میں استحکام اور بہتری آئی۔ ان کی خدمات پارلیمان کی تاریخ میں ایک مثبت اور روشن باب کے طور پر یاد رکھی جائیں گی۔قومی اسمبلی کے ایڈوائزر برائے قانون سازی محمد مشتاق نے سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی طاہر حسین کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ طاہر حسین نے ایک نہایت شفیق، قابل اور فرض شناس افسر کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہب سیکرٹری جنرل طاہر حسین کی سربراہی میں قومی اسمبلی کے افسران کو بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکرٹری جنرل طاہر حسین نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں ایک مضبوط، باوقار اور پیشہ ورانہ روایت قائم کی، جو آنے والے افسران کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے طاہر حسین کی مستقبل میں صحت اور سلامتی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اعلی افسران اور ملازمین نے بھی سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی طاہر حسین کے حسنِ اخلاق، ادارے کے لیے مخلصانہ کاوشوں اور مثالی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی طاہر حسین نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے سیاسی وژن اور قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں ان کی تعیناتی بھی اسپیکر سردار ایاز صادق کے دور میں ہوئی اور آج وہ انہی کے دور میں ریٹائر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے بطور اسپیکر پارلیمان کے تقدس کو برقرار رکھنے اور ادارے کو مضبوط بنانے کے لیے قابلِ تحسین اقدامات کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے بھی اہم اقدامات اٹھائے گئے۔سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی طاہر حسین نے قومی اسمبلی کے افسران اور عملے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اپنے دورِ ملازمت کے دوران حاصل ہونے والے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
