Wednesday, December 31, 2025
ہومدنیاچینی صدر کی جانب سے چینی عوام کو نئے سال کی مبارکباد

چینی صدر کی جانب سے چینی عوام کو نئے سال کی مبارکباد


بیجنگ :چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ نئے سال کی آمد آمد ہے۔ نئے سال کے موقع پر میں بیجنگ سے سب کو نئے سال کی مبارک باد دینا چاہتا ہوں اور نیک خواہشات پیش کرنا چاہتا ہوں۔

بدھ کے روز چینی صدر نے کہا کہ
دو ہزار پچیس “چودھویں پانچ سالہ منصوبے “کا آخری سال ہے۔ گزشتہ پانچ سالوں میں ہم نےبڑی محنت کرکے مختلف مشکلات پر قابو پایا اور تمام مقررہ اہداف کی تکمیل کی اور چینی طرز کی جدیدیت کے نئے سفر میں ہم آگے بڑھتے جارہے ہیں ۔چین کا اقتصادی حجم نیا ریکارڈ قائم کر چکا ہے اور رواں سال اس کے ایک سو چالیس ٹریلین یوان تک پہنچنےکی توقع ہے۔ملک کی اقتصادی ، سائنس و ٹیکنالوجی،دفاعی اور مجموعی قومی قوت نئی بلندی تک پہنچ گئی ہے۔ صاف پانی اور سبز پہاڑ کے تصور سے ہمارا ماحولیاتی نظام مزید بہتر ہو گیا ہے، عوام کے حصول ،خوشحالی اور سیکیورٹی کے احساس میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔پانچ سال کا سفر غیر معمولی رہا ، اور کامیابیوں کا حصول آسان نہیں تھا۔چینی عوام نے بھرپور محنت سے ایک زیادہ خوشحال چین تشکیل دیا ہے۔ میں ہر ایک معمار اور محنت کش کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔


سال ۲۰۲۵ ناقابل فراموش سال رہا ۔ ہم نے جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمتی جنگ اور فسطائیت مخالف عالمی جنگ کی فتح کی اسیویں سالگرہ منائی اورتائیوان کی جاپانی تسلط سے آزادی کا یاد گار دن مقرر کیا۔ اسیویں سالگرہ کی یادگار تقریب شاندار رہی اور ملک و قوم کی فتح تاریخ میں باوقار انداز میں درج ہوئی جو تایخ کو یاد کرنے، شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے ،امن کو قدر کی نگاہ سے دیکھنے ،اور روشن مستقبل اور چینی قومی کی عظیم نشاۃ ثانیہ کی تعمیر میں تمام چینی عوام کی حوصلہ افرائی کرتی ہے۔
ہم نے جدت طرازی سے اعلیٰ معیار کی ترقی کے لئے مضبوط قوت فراہم کی ہے ۔ سائنس و ٹیکنالوجی اور صنعتوں کے انضمام سے جدت کے بے شمار نئے ثمرات سامنے آ رہے ہیں۔مصنوعی ذہانت کے بگ ماڈلز یکے بعد دیگرے استعمال میں آئے ہیں، خود انحصاری پر مبنی چپس کی تخلیق میں نئی پیش رفت ہوئی ہے اور چین اختراعی قوت کی حامل سب سے تیز رفتار ترقی کرنے والی معیشتوں میں سے ایک بن گیا ہے۔ “تھیان ون ٹو ” مشن کا سیاروں کی دریافت کا کامیاب سفر شروع ہو گیا ہے۔یا شا پن بجلی منصوبے کی تعمیر کا آغاز ہو چکا ہے اورمیگ نیٹک لانچنگ سسٹم سے لیس کیریئر جہاز بحریہ میں خدمات انجام دینے لگا ہے۔ہیومنائیڈ روبوٹس کی تیکنک مزید بہتر ہو رہی ہے، ڈرونز کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔جدت طرازی نے نئے معیار کی پیداواری قوت کو جنم دیا ہے اور لوگوں کی زندگی کو زیادہ رنگا رنگ بنا دیا ہے۔


ہم نے ثقافت سے اپنا روحانی گھر تشکیل دیا ہے۔ثقافتی عجائب گھروں اور غیر مادی ثقافتی ورثوں کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔عالمی ورثوں کی فہرست میں چینی ورثے مزید شامل ہوئے ہیں ،وو کھونگ اور نیژا سمیت چینی فلمز پوری دنیا میں پسند کی گئیں اور چینی روایتی ثقافت نوجوانوں کے پسندیدہ فیشنز کا حصہ بنی ۔ ثقافتی و سیاحتی مارکیٹ میں بڑی رونق اور جوش و خروش نظر آ رہا ہے، “سٹی لیگ “اور” ویلیج لیگ” سپورٹس ایوینٹس دھوم دھام سے جاری ہیں،برف کے کھیلوں نے موسم سرما کے جوش کو بڑھایا ہے۔ روایت اور جدیدیت کے ملاپ سے چینی ثقافت زیادہ شاندار اور روشن ہو گئی ہے۔
ہم ایک ساتھ مل کر خوبصورت زندگی تخلیق کر رہے ہیں۔ میں نے شی زانگ ، سنکیانگ کی یادگار تقریبات میں شرکت کی،برف سے ڈھکے ہوئے سطح مرتفع سے تھیان شان پہاڑ کے پاس وسیع میدانوں تک ، مختلف قومیتی لوگ ہاتھ میں ہاتھ ڈالے انار کے بیجوں کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ متحد ہیں۔ مقامی افراد سفید “ہاڈا “اور پرجوش رقص و گیت کے ذریعے مادر وطن کے لئے محبت اور اپنی خوشحال زندگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہیں ۔عوام کی زندگی کے سلسلے میں ہر ایک بات اہم ہے ۔سال ۲۰۲۵ میں نئےروزگار حاصل کرنے والوں کے حقوق کی مزید ضمانت دی گئی ہے، بزرگوں کی زندگی کو آسان بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر کی گئیں اور کم سن بچوں کی پرورش کے لیے خاندان کو ماہانہ سبسڈی میں تین سو یوان دیے گئے ۔کھانے پینے اور روزمرہ استعمال کی اشیاءاور متعلقہ سہولیات ہر ایک گھر کی خوشحالی کو بڑھاتی ہیں اور یوں چین کا یہ بڑا گھر دن بدن ترقی کرتا جا رہا ہے۔
ہم دنیا کے ساتھ زیادہ کھلے دل سے رابطہ استوار کیے ہوئے ہیں ۔ شنگھائی تعاون تنظیم کی تھیان جن سمٹ ، گلوبل ویمن سمٹ کامیابی سے منعقد ہوئیں اور ہائی نان فری ٹریڈ پورٹ کا خصوصی کسٹم آپریشن شروع ہوا ۔زیادہ موئثر طریقے سے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے چین نے اپنے قومی اقدامات کا نیا سلسلہ جاری کیا ۔تین گلوبل انیشی ایٹو زکے بعد میں نے گلوبل گورننس انیشی ایٹو پیش کیا ، تاکہ عالمی گورننس کے نظام کو زیادہ معقول اور منصفانہ بنایا جا سکے۔اس وقت دنیا افراتفری اور ہنگامہ آرائی سے بھر پور ہے، کچھ علاقے جنگ اور تصادم کا شکار ہیں۔چین ہمیشہ تاریخ میں درست جانب کھڑا رہا ہے ، دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر عالمی امن و ترقی کو فروغ دینا چاہتا ہے اور انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو آگے بڑھا ناچاہتا ہے۔
حال ہی میں، میں نے قومی کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جس کی میزبانی گوانگ ڈانگ ،ہانگ کانگ اور مکاؤنے مشترکہ طور پر کی ۔ہم “ایک ملک دو نظام” کی پالیسی پر مضبوطی سے عمل پیرا رہیں گے، ملک کے قومی ترقیاتی منصوبے میں ہانگ کانگ اور مکاؤ کی شمولیت کی حمایت کرتے رہیں گے تاکہ طویل خوشحالی اور استحکام برقرار رکھا جا سکے۔ آبنائے تائیوان کے دونوں کناروں کے ہم وطنوں کی خونی رشتہ داری موجود ہے، مادر وطن کی وحدت کا تاریخی رجحان روکا نہیں جا سکتا۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مضبوطی ملک کی ترقی و خوشحالی کی بنیاد ہے۔ ہم نے پارٹی کے نظم و نسق سے متعلق سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے مرتب کردہ رہنما قواعد پر سنجیدگی سے عمل کیا ، پارٹی کے وقار کو بڑھانے کے لئے نگرانی کے زیادہ سخت نظام کو نافذ کیا ،بد عنوانی کے خلاف جدوجہد کرکے پارٹی کی ترقی کو تیز کیا اور اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ہمیں سی پی سی کے قیام کے اصل اہداف اور منزل پر قائم رہنا ہوگا اور مسلسل جدوجہد کرنا ہوگی تا کہ گزشتہ نسل کے انقلابی رہنماؤں کے چھوڑے ہوئے مشن کو بخوبی انجام دیا جا سکے اور عوام کو اطمینان بخش جواب دیا جا سکے۔
دو ہزار چھبیس “پندرہویں پانچ سالہ منصوبے”کا پہلا سال ہے۔ حتمی کامیابی کے لیے عمدہ آغاز لازمی ہے اور حتمی فتح کی بنیاد یہی اچھا آغاز ہے۔ہمیں مقررہ اہداف پر قائم رہتے ہوئے مضبوطی سے آگے بڑھ کر اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دینا ہوگا، ہمہ گیر اصلاحات اور کھلے پن کے عمل کو مزید تقویت دینا ہوگی ، تمام چینی عوام کی مشترکہ خوشحالی کے لئے محنت کرنا ہوگی اور چین کے معجزے کا نیا باب رقم کرنا ہوگا۔
خوابوں کی تعبیر کا سفر کتنا طویل کیوں نہ ہو، ایک ایک قدم اٹھاتے منزل تک پہنچنا ممکن ہے۔ پوری ہمت کے ساتھ اپنی تمام قوتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جدوجہد کرتے رہیں،اپنے خوابوں کی تعبیر کے لئے کوشاں رہیں، خوشحالی کے لئے محنت کریں اور شاندار خوابوں کو حقیقت میں تبدیل کریں ۔

نئے سال کا سورج طلوع ہو رہا ہے۔دعاگو ہوں کہ مادر وطن خوبصورت اور خوشحال رہے ۔سب کے خواب پورے ہو ں اور تمام تمنائیں پایہ تکمیل کو پہنچیں ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔