Wednesday, December 31, 2025
ہومبریکنگ نیوزنیو ائیر نائٹ: اسلام آباد ٹریفک پولیس کا خصوصی ٹریفک پلان جاری

نیو ائیر نائٹ: اسلام آباد ٹریفک پولیس کا خصوصی ٹریفک پلان جاری

اسلام آباد: (آئی پی ایس) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے نیو ائیر نائٹ کے موقع پر شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دے دیا۔

ٹریفک پولیس کے منصوبے کے تحت 350 سے زائد ٹریفک افسران و اہلکار مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات پر فرائض سرانجام دیں گے، 31 دسمبر شام 7 بجے سے رات 3 بجے تک اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد ہوگی، نیو ائیر نائٹ کی تقریبات کے باعث ایکسپریس ہائی وے، جناح ایونیو، سری نگر ہائی وے، کلب روڈ، مری روڈ اور پارک روڈ پر ٹریفک کے شدید دباؤ کا امکان ہے، اسی طرح جناح ایونیو فلائی اوور، زیرو پوائنٹ، کھنہ، اور پی ڈبلیو ڈی انڈرپاس پر بھی ٹریفک رش متوقع ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ہلڑ بازی، ون ویلنگ اور ریش ڈرائیونگ کی روک تھام کے لیے 8 خصوصی سکواڈز تشکیل دے دیے گئے ہیں جبکہ کار سکیٹنگ اور خطرناک ڈرائیونگ پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ٹریفک پولیس نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کو ون ویلنگ اور انڈرایج ڈرائیونگ سے سختی سے منع کریں۔

تفریحی مقامات پر ٹریفک کے خصوصی دستے تعینات کیے جائیں گے اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شام 7 بجے سے رات 3 بجے تک متبادل راستوں کا استعمال کریں، سڑکوں پر کسی بھی جگہ گاڑی پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ نیو ائیر نائٹ کے دوران ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔