اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا اٹھارہواں اجلاس منگل کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی بھی اجلاس میں شریک ہوئے سی ڈی اے بورڈ کے اٹھارہویں اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جابہ اور پنڈوریاں کے مقام پر ماڈل قبرستانوں کی تعمیر کیلئے مقامات مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ ماڈل قبرستانوں میں کشادہ جنازہ گاہ، وضو خانے، پبلک ٹوائلٹ، مناسب پارکنگ، میت بس اور ایمبولینس کی سہولت سمیت سی سی ٹی وی سرویلینس کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ماڈل قبرستان کی ویب سائٹ اور ویب پورٹل بنایا جائے جس سے لواحقین بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے پیاروں کی قبروں کی نگرانی کرسکیں۔ سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایل پی جی اسٹوریج اور فلنگ پلانٹس کے حوالے سے اوگرا اور حکومتی پالیسی اور ان میں وقتا فوقتا ہونے والی تبدیلیوں کو اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں آئی سی ٹی بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز 2023 میں ترامیم کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اسلام آباد بلڈنگ ریگولیشنز 2023 میں گرین انفراسٹرکچر کے فروغ، روف ٹاپ /ورٹیکل گارڈننگ اور لینڈ اسکیپنگ کے فروغ سے متعلق ترامیم کی منظوری بھی سی ڈی اے بورڈ کے اٹھارہویں اجلاس میں دی گئی۔ ان ترامیم سے اسلام آباد میں اربن گارڈننگ کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ تعمیرات کو دور حاضر کی ضروریات اور تقاضوں سے بھی ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی۔
سی ڈی اے بورڈ کے اٹھارہویں اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یا مشترکہ منصوبے کے ذریعے سی ڈی اے کی اپنی فیول فلنگ اسٹیشنز قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس منصوبے سے ادارے کیلئے مستقل آمدن ذرائع بنانے میں مدد ملے گی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بالخصوص بلیو ایریا کی پرانی عمارات کے فیصاڈ (بیرونی)حالت بہتر بنانے کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تجاویز میں عمارات کے فیصاڈ کو خوبصورت بنانے والے مالکان کو خصوصی سہولیات دینے کے آپشن کو بھی زیر غور رکھا جائے۔اسی طرح سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں رواں ماہ ہونے والی رہائشی اور کمرشل پلاٹوں کی بولیوں کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ تعمیر منصوبے کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات پیپرا 42F کے تحت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔سی ڈی اے بورڈ کے اٹھارہویں اجلاس میں ڈمپنگ سائٹ کے قیام کیلئے سیکٹر I-11، I-9 یا کسی دوسرے مقام سے کوڑا/کچرا تلف کرنے کیلئے اسے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی)کے لوسر، چک بلی خان روڈ، راولپنڈی میں واقع ڈمپنگ سائٹ تک منتقل کرنے کیلئے توسیع کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں سی ڈی اے کی ریوائزڈ اکاموڈیشن پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔ اسی طرح سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں میڈیکل ٹیکنالوجسٹ کے عہدے کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
