کراچی (سب نیوز)سابق گورنراسٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔نماز جنازہ میں ڈی جی رینجرز،ڈائریکٹر پاکستان اسٹاک ایکس چینج اوردیگرنے شرکت کی۔ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین، بینکوں، مالیاتی اداروں کی اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم،عارف حبیب،اسٹاک ایکس چینج کے ایم ڈی فرخ حسین سبزواری اوراہم کاروباری و سماجی شخصیات بھی شریک ہوئے۔اسٹیٹ بینک بورڈ،انتظامیہ اور عملے کی جانب سے اپنی سابق گورنرڈاکٹر شمشاد اختر کے انتقال پردلی رنج و غم کا اظہار کیا گیا، جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر شمشاداختر نے اسٹیٹ بینک کی پہلی خاتون گورنر کے طور پرفرائض انجام دئیے۔بطور گورنران کادورانیہ بے مثال قیادت، دیانت داری اور عوامی خدمت کے لیے غیر متزلزل عزم کی مثال کے طور پر یاد رکھا جائے گا،شمشاد اختر نے اسٹیٹ بینک کے استحکام و پائیداری اور زری ومالی شعبے کی پالیسیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ڈاکٹر شمشاداختر نے ایشیائی ترقیاتی بینک، ورلڈ بینک اور اقوامِ متحدہ میں اپنی اعلی قیادت کی ذمہ داریاں نبھائیں،انہوں نے بطور نگراں وفاقی وزیر خزانہ اور چیئرپرسن پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے طور پر نمایاں خدمات انجام دیں۔ممتازماہرِمعاشیات اورعالمی طور پر شاندار کیریئر سے بین الاقوامی مالی اور کثیر جہتی اداروں میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا،اللہ تعالی مرحومہ کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے ،آمین۔
