Friday, December 26, 2025
ہومپاکستانملک میں ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 0.09فیصد کمی،13اشیائے ضروریہ مہنگی،وفاقی ادارہ شماریات

ملک میں ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 0.09فیصد کمی،13اشیائے ضروریہ مہنگی،وفاقی ادارہ شماریات

اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں چند ہفتے مہنگائی میں اضافے کے بعد حالیہ ہفتے کے دوران ہفتہ وار مہنگائی میں 0.09 فیصد کمی واقع ہوگئی ہے اور سالانہ بنیاد پر بھی مہنگائی 2.83 فیصد پر آ گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.09 فیصد کمی آگئی ہے اور 13 اشیائے ضروریہ مہنگی، 11 کے نرخوں میں کمی اور 27 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے میں سرخ مرچ 6.26 فیصد، چکن 5.29 فیصد، لہسن 1.50فیصد، انڈے 0.58 فیصد مہنگے ہوئے۔ادارہ شماریات نے بتایا کہ ایک ہفتے میں خوردنی گھی کا ڈھائی کلو ٹن 0.56 فیصد، دال مونگ 0.48 فیصد، آلو 10.37، ٹماٹر 9.64 فیصد سستے ہوئے، اسی طرح ایک ہفتے میں پیاز 7.43 فیصد، چینی 4.22 فیصد، دال چنا 1.76فیصد، دال مسور 0.74 فیصد، باسمتی چاول 0.17 فیصد سستے ہوئے۔
اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیاد پر 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار0.33 فیصدکمی کے ساتھ 1.35فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.17 فیصد کمی کے ساتھ 2.58فیصد رہی۔
اسی طرح 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں کمی کی رفتار 0.19 فیصد کمی کے ساتھ 2.82 فیصد، 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار0.16 فیصدکمی کے ساتھ2.77فیصد رہی۔ادارہ شماریات کے مطابق 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.07 فیصد کمی کے ساتھ 2.56فیصدرہی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔