یو اے ای صدر کا دورہ پاکستان سیاسی ،معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیگا،صدر ایف پی سی سی آئی
یو اے ای قیادت کی جانب سے پاکستان کیساتھ مسلسل تعاون،سرمایہ کاری ، ترقیاتی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، بیان
اسلام آباد (سب نیوز)صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم اپنے معزز مہمان شیخ محمد بن زاید النہیان کو خوش آمدیدکہتی ہے ، پاکستان اوریو اے ای میں باہمی احترام، اعتماد، مشترکہ اقدار اور اسلامی اخوت پر مبنی تعلقات ہیں ، یہ دورہ پاکستان اور یو اے ای کے برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور دیرینہ دوستی کی علامت ہے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی دہائیوں پر محیط دوستی نے مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت کو فروغ دیا ہے، یو اے ای صدر کا دورہ سیاسی ،معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیگا۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، شیخ محمد بن زاید النہیان کا دورہ خطے میں امن و استحکام اور خوشحالی کی مشترکہ کوششوں کو نئی جہت دیگا، یو اے ای صدر کا دورہ دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام اور وسعت کیلئے اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ، جس پر پاکستانی قوم تہہ دل سے شکر گزار ہے،چین اور امریکا کے بعد یو اے ای پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، حالیہ دنوں میں یو اے ای کے پاکستان کیساتھ مسلسل تعاون،ترقیاتی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
