Thursday, December 25, 2025
ہومتازہ ترینچیئرمین سی ڈی اے کا متعلقہ افسران کے ہمراہ زیر تعمیر آسان خدمت مرکز منصوبے کا دورہ

چیئرمین سی ڈی اے کا متعلقہ افسران کے ہمراہ زیر تعمیر آسان خدمت مرکز منصوبے کا دورہ

اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا اور متعلقہ افسران کے ہمراہ زیر تعمیر آسان خدمت مرکز منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کے کاموں میں ہونے والی پیشرفت کا معائنہ کیا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے میں شامل مرکزی عمارت سے متعلقہ تعمیراتی کام پایہ تکمیل تک پہنچ گئے ہیں اور فنشنگ اور تزئین و آرائش کے کام تیزی سے جاری ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے کو مزید بتایا گیا کہ “آسان خدمت مرکز” منصوبے کے اطراف دیدہ زیب لینڈ اسکیپنگ اور ہارٹیکلچر کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے منصوبے کے ترقیاتی و تزئین و آرائش کے کاموں کی پیشرفت اور اعلی معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کی تکمیل کے ساتھ ہی آسان خدمت مرکز کو منسٹری آف آئی ٹی اور متعلقہ محکموں کے حوالے کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے باقی ماندہ کاموں کو جلد از جلد مکمل کرکے عوام الناس کیلئے کھولا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ “آسان خدمت مرکز” کے قیام سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو کئی محکموں کی سینکڑوں سروسز و سہولیات کا حصول ایک ہی چھت تلے ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ “آسان خدمت مرکز” میں سی ڈی اے کی ون ونڈو فیلیٹیشن سینٹر کی تمام خدمات و سہولیات بھی فراہم کی جائیگی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ “آسان خدمت مرکز” منصوبے کی تکمیل میں کوالٹی کے اعلی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔