Thursday, December 25, 2025
ہومپاکستانپاکستان تحریک انصاف اصولی بنیادوں پر مذاکرات کے لیے تیار ہے، اسد قیصر

پاکستان تحریک انصاف اصولی بنیادوں پر مذاکرات کے لیے تیار ہے، اسد قیصر

تربیلا غازی(نامہ نگار)سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے مذاکرات کی جو دعوت دی گئی ہے،اس حوالے سے پارٹی قیادت اپنا موقف واضح کر چکی ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اصولی بنیادوں پر مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم اس کے لیے ایک واضح ایجنڈا موجود ہے

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتی ہے،جبکہ اس وقت ملک میں انسانی حقوق کی سنگین اور بدترین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں جو کسی صورت قابل قبول نہیں،انہوں نے الزام عائد کیا کہ 8 فروری کو عوام کے بنیادی حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا، جس کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات ناگزیر ہیں،مرکزی رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ فارم 47 کے تحت بننے والی حکومت کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا،ملک میں حقیقی جمہوریت کے فروغ کے لیے صاف، شفاف اور آزاد انتخابات کا انعقاد ضروری ہے تاکہ عوام کے منتخب کردہ حقیقی نمائندے ایوانوں میں پہنچ سکیں۔

انہوں نے زور دیا کہ جب تک عوام کی حقیقی نمائندگی قائم نہیں ہوتی،ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا،اسد قیصر نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے اس ملک کے لیے بے مثال جدوجہد کی اور ہم قائد اعظم کے فرمودات اور اصولوں کے مطابق ایک مضبوط، جمہوری اور آئینی پاکستان چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک میں جمہوریت،انصاف اور قانون کی حکمرانی کیلئے اپنی جد وجہد جاری رکھے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔