کراچی: (آئی پی ایس) گورنرسندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ ایسے لوگوں سے مذاکرات نہیں کرنے چاہئیں جو پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ہیں۔
بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش کے موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان خطے میں اہم ترین اور طاقتور ملک بن چکاہے، معرکہ معیشت کےلیےہم تیار ہیں، اللہ نے چاہا تو جس طرح بھارت سے جنگ جیتی ہے اسی طرح معیشت کی جنگ جیت لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی جریدےلکھ رہے ہیں کہ پاکستان کامیاب اور بھارت شکست خوردہ ہے، پاکستان دنیا میں توجہ کامرکز بن گیا ہے، فیلڈ مارشل کی دوٹوک پالیسی نے پاکستان کو دنیا میں مقام دلایا، بہترین عسکری حکمت عملی نے پاکستان کا اعتماد بحال کردیا، آج اس فتح کا سہرا فیلڈ مارشل کے سر جاتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دوست مذاکرات کو نہیں مانتے، اڈیالہ میں بیٹھا شخص مغرور ہے، ایسے لوگوں سے مذاکرات نہیں کرنے چاہئیں جو پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ہیں۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب میں محافظ کا کردار اداکررہا ہے، آج پاکستان نے کئی برسوں بعد افغانستان کے معاملے میں دو ٹوک پالیسی کااعلان کیا، 2025 پاکستان کی تاریخ میں سنہری حرف میں لکھاجائےگا، ہم دنیا میں فاتح قوم قرار پائےہیں، پاکستان معاشی اڑان اڑنے کیلئے وہ فیصلے کررہا ہے جو برسوں سے نہیں لیے گئے۔
