اسلام آباد (آئی پی ایس) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کی اجازت ہے، کسی کو من مانی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر اعظم ہاؤس میں کرسمس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام انسانیت کے لیے خدمت کا پیغام لائے، قرآن کریم میں ان کی والدہ کا انتہائی بلند مقام بیان کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری کے تاریخی اور قابل قدر کردار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ حکومت اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کے لیے کھڑی ہے، نواز شریف نے بھی اپنے دور میں اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کی اجازت ہے، کسی کو من مانی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے شاہینوں نے بھارت کے 7 طیارے گرائے، وطن پر لہو قربان کرنے والے مسیحی بھائیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
قبل ازیں کرسمس پر جیار اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ آج کرسمس کے پرمسرت اور بابرکت موقع میں عوام اور حکومت پاکستان کی جانب سے دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، تمام اہل وطن کو اس تہوار کی روایتی خوشیاں مبارک ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حضرت عیسی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے اس مبارک دن ہم دعاگو ہیں کہ یہ کرسمس مسیحی برادری اور ہمارے ملک کے لیے امن و استحکام اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کرسمس نہ صرف مسیحی برادری کا جشن و تقریبات پر مشتمل مذہبی تہوار ہے بلکہ یہ پوری انسانیت کے لئے پیغام محبت ، امن و رواداری اور خیر سگالی کے جذبات سے ہمیں ایک دوسرے سے جوڑتا ہے۔
حضرت عیسی علیہ السلام اللہ تعالی کے ایک جلیل القدر پیغمبر کی حیثیت سے اسلام میں نہایت محترم مقام رکھتے ہیں، انہوں نے پوری انسانیت کے لیے امن، بھائی چارے اور محبت کا پیغام دیا اور لوگوں کو نیکی، تقوی اور پاکیزہ طرز زندگی کی تلقین کی۔
وزیر اعظم نے مسیحی برادری کے پاکستان میں فعال، مثبت اور پر امن برادری کی حیثیت سے قابل قدر کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی مجموعی سماجی و معاشی ترقی کے لئے ان کی مخلصانہ کاوشیں تحسین کے لائق ہیں۔
وزیر اعظم نے پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پوری قوم کے شانہ بشانہ ان کی قربانیوں کو باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کی تعلیم، طب اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں بھی گراں قدر خدمات سماجی ہم آہنگی کے فروغ کا باعث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام شہریوں کے لئے بلا تفریق رنگ و نسل باہمی ہم آہنگی، حقوق و آزادی کا تحفظ، معاشی آسودگی، پیشہ ورانہ ترقی کے یکساں مواقع حکومت پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے دعوت دی کہ آئیے آج کے اس خوشیوں بھرے دن پر تجدید عہد کریں کہ سب طبقات اور مذاہب کے مکاتب فکر مل کر قوم کی اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط، محفوظ اور خوشحال پاکستان کے لیے تعمیری کرادر ادا کرتے رہیں گے۔
