ٹوکیو:جوہری ہتھیاروں کے حصول کے حوالے سے جاپانی حکومت کے حالیہ خطرناک اقدامات کے سلسلے نے دوسری جنگ عظیم کے بعد کے بین الاقوامی نظم و نسق اور بین الاقوامی جوہری عدم پھیلاؤ کے نظام کو کھلم کھلا چیلنج کیا ہے، جو عالمی امن اور ترقی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔
قانونی نقطہ نظر سے ، جاپان کے جوہری عزائم پوٹسڈیم اعلامیہ میں طے شدہ جاپان کی بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں اورجاپان کے “امن آئین” کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ قاہرہ اعلامیہ، پوٹسڈیم اعلامیہ، اور جاپان کے ہتھیار ڈالنے کی دستاویز سمیت دیگر بین الاقوامی قانونی اثرات کی حامل دستاویزات کے مطابق، جاپان کو “مکمل طور پر غیر مسلح” رہنا چاہیے اور ایسی صنعتوں کو برقرار رکھنے کی ممانعت ہے جو اسے دوبارہ مسلح کر سکیں ۔ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے میں بطور غیر جوہری ریاست، جاپان کو جوہری ہتھیاروں کو قبول نہ کرنے،تیار نہ کرنے، اپنے پاس نہ رکھنے اور نہ پھیلانے کی دفعات کی مکمل پاسداری کرنی چاہیے۔
جاپان کے “امن آئین” کے آرٹیکل 9 میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جاپان ہمیشہ کے لیے جنگ شروع کرنے اور بین الاقوامی تنازعات کو حل کرنے کے سلسلے میں طاقت کی دھمکی یا طاقت کا استعمال ترک کرتا ہے۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ جاپان نے طویل عرصے سے سویلین نیوکلیئر انرجی تیار کرنے کی آڑ میں 47 ٹن افزودہ پلوٹونیم کو خفیہ طور پرجمع کیا ہے، جو سویلین نیوکلیئر پاور کے لیے اس کی اصل ضروریات سے کہیں زیادہ ہے اور تقریباً 6,000 جوہری وار ہیڈز بنانے کے لیے کافی ہے۔ دوسری جنگ عظیم کے فاتح ممالک کے طور پر، چین، روس، امریکہ اور برطانیہ کی قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں کے حصول کی جانب جاپان کے خطرناک اقدام کو روکیں۔ اگر جاپان نے دنیا کی مخالفت کے باوجود جسارت کی تو عالمی برادری کبھی بھی اسے برداشت نہیں کرے گی۔
