Wednesday, December 24, 2025
ہومپاکستانمری: پنجاب میں ’’ملرز فار نیوٹریشن‘‘ اتحاد کا آغاز

مری: پنجاب میں ’’ملرز فار نیوٹریشن‘‘ اتحاد کا آغاز

مری (آئی پی ایس) :پنجاب میں غذائیت کی بہتری اور خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے ’’ملرز برائے نیوٹریشن‘‘ اتحاد کا صوبائی سطح پر آغاز کر دیا گیا، جس کی افتتاحی تقریب کا انعقاد نیوٹریشن انٹرنیشنل نے ٹیکنو سرو کے اشتراک سے مری میں کیا گیا ہے۔تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید، صدر پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن بدرالدین کاکڑ، صدر پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن، این ڈی ایم اے کے اعلیٰ عہدیداران، فلور اور خوردنی تیل کے فیکٹری مالکان، فوڈ ریگولیٹری اداروں کے نمائندگان، صنعتی تنظیموں، ترقیاتی شراکت داروں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

ملرز برائے نیوٹریشن کے ذریعے فوڈ انڈسٹری کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا گیا ہے جہاں فنی معاونت، استعداد کار میں اضافے کیلئے تربیت، ٹیسٹنگ آلات تک رسائی اور معیار پر پورا اترنے کیلئے رہنمائی فراہم کی جائے گی تاکہ غذائیت سے بھرپور اشیائے خورونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے فوڈ انڈسٹری کے نمائندگان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ خوراک میں غذائی قلت ایک سنگین مسئلہ ہے اور پاکستان میں لاکھوں بچے اور خواتین غذائی کمی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی، جبکہ ایسے پلیٹ فارمز کے قیام سے فوڈ انڈسٹری اور ریگولیٹری اداروں کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

صدر پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن بدرالدین کاکڑ نے غذائیت کی کمی کے مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہر فرد کو اپنی روزمرہ روٹی میں مناسب غذائیت حاصل کرنے کا حق ہے‘‘ اور اس اقدام کیلئے ایسوسی ایشن کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔صدر پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن نے کہا کہ غذائیت سے بھرپور خوراک کی تیاری اور قومی غذائی اہداف کے حصول کیلئے فلور ملز مکمل تعاون کریں گی اور انہوں نے نیوٹریشن انٹرنیشنل کی کاوشوں کو سراہا۔

نیوٹریشن انٹرنیشنل کے سینئر پروگرام منیجر ضمیر حیدر نے کہا کہ پنجاب میں مائیکرونیوٹرنٹس کی کمی ایک سنجیدہ عوامی صحت کا مسئلہ ہے، جس سے نمٹنے کیلئے گندم کے آٹے اور خوردنی تیل کی افزودگی ایک مؤثر اور پائیدار حکمتِ عملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ فورٹیفکیشن کے ذریعے بالخصوص بچوں اور خواتین کی صحت میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔تقریب میں سرکاری و نجی شعبے کے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا اور فوڈ فورٹیفکیشن کے قوانین پر مؤثر عملدرآمد کیلئے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فوڈ ریگولیٹری اداروں کے عہدیداران نے ملرز کو مکمل تعاون اور اصلاحات کی یقین دہانی کروائی۔شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس اقدام کے ذریعے پنجاب میں غذائیت سے بھرپور خوراک تک عوام کی رسائی میں اضافہ ہوگا اور یہ پلیٹ فارم قومی غذائی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔